افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہوچکے: عثمان بزدار

        افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہوچکے: عثمان بزدار

  

 لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ملک کی ترقی کو روکنے کی ہر کوشش ناکام رہے گی-پاکستان میں افراتفری پھیلانے کی کوشش کرنے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں۔ پاکستان میں صرف خدمت کی سیاست ہی چلے گی۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت کو 5 برس کا مینڈیٹ ملا ہے۔حکومت مدت پوری کرے گی، سازشی عناصر پہلے کی طرح روتے رہیں گے۔منفی سیاست کا جواب ہمیشہ عوامی خدمت سے دیا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے انہیں این آر او کبھی نہیں ملے گا۔انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا ایجنڈا صرف اورصرف ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔عوام ترقی وخوشحالی چاہتے ہیں،افراتفری نہیں۔ پاکستانی عوام عاقبت نا اندیش عناصرکے جھانسے میں نہیں آئیں گے۔انہوں نے کہاکہ 22کروڑ عوام کسی کو ترقی کے سفر میں رخنہ نہیں ڈالنے دیں گے۔تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ اڑھائی برس میں عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہاہے کہ ڈسکہ کے ضمنی الیکشن میں فائرنگ کے واقعہ کے باعث 2افراد کے جاں بحق ہونے پر دلی دکھ ہواہے-جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کااظہار کرتا ہوں -فائرنگ کرنے وا لے عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے-وزیراعلیٰ نے کہاکہ واقعہ کی غیر جانبدرانہ تحقیقات کاحکم دے دیاہے -شرپسندوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی - فائرنگ کرنے والے ملزمان کا تعلق جس بھی پارٹی سے ہو بلاامتیاز قانونی کارروائی ہو گی- کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے - عوام کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی ذمہ داری ہے جو ہر صورت نبھائیں گے -انہوں نے کہاکہ پرامن ماحول کو خراب کرنے والے عناصر کے خلاف قانون اپنا راستہ لے گا-صوبے میں قانون کی پاسدار ی ِکی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی-قانون کی عملداری یقینی بنانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے -

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -