الیکشن کمیشن (ن) لیگ کا ذیلی ونگ نہ بنے، اسجد ملہی کی فتح کا اعلان کرے: فردو س عاشق

الیکشن کمیشن (ن) لیگ کا ذیلی ونگ نہ بنے، اسجد ملہی کی فتح کا اعلان کرے: فردو س ...

  

لاہور (آن لائن)معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ن لیگ دوہرے معیار کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیر آباد کی فتح پر بغلیں بجارہی ہے جبکہ ڈسکہ کے ضمنی انتخاب میں دھاندلی کا الزام لگا رہی ہے، پی ٹی آئی نے کے پی کے میں برسراقتدار ہونے کے باوجود ضمنی انتخابات میں کہیں ظل سبحانی کی طرح کسی کا باز و مروڑا نہ الیکشن کرانے والے ادارے میں مداخلت کی،ڈسکہ میں معصوم نوجوانوں کا خون بہانے کے الزام میں پکڑے جانے والے لوگ ن لیگ کے ہی سہولت کار ہیں، اب چورو ں کی نانی حقائق کو مسخ کرتے ہوئے زہریلا پراپیگنڈہ کررہی ہے،اگلی پریس کانفرنس میں ن لیگ کی طرف سے دھاندلی کی تمام کوششوں سے ثبوتوں کے ساتھ پر دہ اٹھاؤں گی۔گزشتہ روز ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے فردوس عاشق نے کہاکہ پوری دنیا نے دیکھا کہ ن لیگ کے لوگوں نے نوجوانوں کی جان لی اور ڈسکہ کا الیکشن لہو لہان کیا۔تمام پریذائڈنگ افسروں نے رزلٹ رات کو ہی وٹس ایپ کے ذریعے ریٹرنگ آفیسر کو پہنچا دیئے تھے جن کے مطابق پی ٹی آئی امیدوار علی اسجد ملہی ایک لاکھ دس ہزار 957 ووٹ لے کر الیکشن جیت چکا ہے جبکہ ن لیگ کی امیدوار نوشین افتخار کو ایک لاکھ ایک ہزار 879 ووٹ ملے ہیں۔ریٹرنگ آفیسر کے حوالے سے ہمارے تحفظات ہیں کیونکہ اس کا تعلق احسن اقبال کے حلقے سے تھا جبکہ ڈی ایم او کا تعلق خواجہ سعد رفیق کے حلقے سے تھا۔ ان دونوں افسروں نے مسائل پیدا کئے۔ہم اپنی پارٹی کے نوٹس میں یہ چیزیں لائے مگر حکومت میں ہونے کی وجہ سے متعلقہ ادارے کو یہ امور نہ بتائے جاسکے۔ احسن اقبال، میا ں جاوید لطیف، عظمی بخاری، عطا تارڑ اور دیگر لیگی رہنما ساری رات آر او کے کمرے میں بیٹھ کر اس کو ڈکٹیٹ کرتے رہے۔ میں پوچھتی ہو ں کہ اگر آر او کے پاس فارم 45 آگئے تھے تو پھر اس نے رزلٹ کا اعلان کیو ں نہ کیا۔فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ مجھے معلوم نہیں کہ میڈیا کے پاس کونسی گیدڑسنگھی تھی کہ رات 9.00 بجے کے بعد ن لیگ کے امیدوار کو پہلے نمبر پر او ر پی ٹی آئی کے امیدوار کو دوسرے نمبر پر دکھانا شروع کردیا۔میڈیا کے اندر مس رپورٹنگ کرنے والی کالی بھیڑوں کے خلاف پمرا سے بھی رجوع کیاجارہاہے تاکہ ان چینلز سے پوچھا جاسکے کہ ان کی غلط رپورٹنگ کے ذرائع کیاتھے۔انہو ں نے الیکشن کمیشن سے کہا کہ وہ آئینی اور قانونی طریقہ اختیار کرتے ہوئے آراو کی ٹیبل پر پڑے نتائج پر پی ٹی آئی کے امیدوار کی فتح اعلان کرے۔ اگر ن لیگ کے گٹھ جوڑ کی تاریں کہیں اور ملی ہوئی پائی گئیں تو یہ عوام کے بنیادی حقوق پر ڈاکہ مارنے کے مترادف ہوگا۔ہم اداروں کو کسی جماعت کا ذیلی ونگ نہیں بننے دیں گے۔حلقے میں عابد رضا نے کالعدم تنظیموں کے اسلحہ بردار کارکنوں کو لاکر خوف و ہراس پھیلایا جس کی تحقیقات کیلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔انہو ں نے کہاکہ جعلی راجکماری نے اپنی چھوٹی سرجری کی بات کی تھی مگر ڈسکہ کے عوام نے ضمنی الیکشن میں بڑی سرجری کرڈالی۔ اب ن لیگ اپنے اندر شکست تسلیم کرنے کا ظرف پیدا کرے۔

فردوس عاشق 

مزید :

صفحہ اول -