سینیٹ الیکشن میں گیلانی ہی کامیاب ہونگے، سلیکٹڈ وزیراعظم 18ویں ترمیم ختم، صوبوں کو کالونیاں بنانا چاہتا ہے: بلاو ل 

    سینیٹ الیکشن میں گیلانی ہی کامیاب ہونگے، سلیکٹڈ وزیراعظم 18ویں ترمیم ...

  

کراچی،کوئٹہ(نیوزایجنسیاں) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم اٹھارویں ترمیم کاخاتمہ کرکے صوبوں کو کالونیاں بنانے پرتلا ہوا ہے،ملکی معیشت کو تباہ اور عوام پر مہنگائی کے پہاڑ گرا کر حکمران اپوزیشن کے خلاف انتقامی کارروائیوں میں مصروف ہے، پاکستان کے تابناک مستقبل کیلئے نا اہل،نالائق اور ناجائز حکومت کو ہٹانا وقت کی اہم ضرورت بن گیا ہے۔ پیپلز پارٹی بلوچستان کے صدرحاجی میر علی مدد جتک سے بلاول ہاؤس کراچی میں ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم کے خاتمے کے نتیجے میں پیدا ہونے والے طوفان خیز بحران کو کوئی بھی کنٹرول نہیں کرسکے گا۔ حکمرانوں کے ملکی مستقبل کیخلاف اقدامات کیلئے ملکر جدوجہد کی ضرورت ہے۔ سلیکٹڈ حکمرانوں نے ملکی معیشت کوتباہ کر کے آئے روزپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں اس لئے اب پی ڈی ایم پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وطن عزیز کے تابناک مستقبل کیلئے نا اہل وسلیکٹڈ حکمرانوں کو گھر بھیجیں تاکہ عوام پر مہنگائی کے بوجھ سمیت دیگر مشکلا ت ومسائل کے حل کیلئے حقیقی عوامی قیادت اپنا کردارادا کرسکیں۔علاوہ ازیں بلاول بھٹو نے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ میں کامیابی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم نے کامیابی کے لیے بھرپور کوششوں کایقین دلایا ہے، امید ہے سندھ،جنوبی پنجاب، بلوچستان سمیت ہم خیال دوست بھی ووٹ دیں گے۔ ذرائع کے مطابق بلاول بھٹو سے سینیٹ امیدوار یوسف رضا گیلانی اورمراد علی شاہ کی ملاقات میں سینیٹ الیکشن پرطویل نشست ہوئی اور کچھ سیاسی شخصیات سے فون پر رابطہ بھی کیا گیا۔یوسف رضاگیلانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کئی ناراض ارکان بھی رابطے میں ہیں، کچھ ناراض ارکان نے خودبھی رابطہ کرکے ووٹ کا یقین دلایا ہے، جس پر بلاول بھٹو نے کہا سلیکٹڈ کی پریشانی ان کے چہرے سے عیاں ہے۔

 بلاول بھٹو  

مزید :

صفحہ اول -