پی ٹی آئی کی فتح(ن) لیگی بیانیہ کے منہ پر طمانچہ، فیاض چوہان
لاہور (آن لائن) وزیر جیل خانہ جات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے ضمنی انتخابات کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے دونوں حلقوں میں پی ٹی آئی کی فتح ریاست مخالف ن لیگی بیانئے کے منہ پر طمانچہ ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ جہاں سے ن لیگ جیتے وہ الیکشن شفاف اور جہاں ہارے وہاں دھاندلی کا راگ الاپنا اعلیٰ درجے کی منافقت ہے۔ انہوں نے کہا امید ہے ضمنی انتخابات کے بعد نواز شریف اور بیگم صفدر اعوان کی آتماؤں کو شانتی مل گئی ہو گی۔ اب انہیں خشوع وخضوع کے ساتھ سینیٹ اور بلدیاتی انتخابات میں شکست کی تیاری کرنی چاہئے۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ 2018 کے عام انتخابات کے برعکس اس بار پی ٹی آئی کا مقابلہ صرف ن لیگ نہیں بلکہ ساری پی ڈی ایم سے تھا۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ رانا ثناء اللہ، میاں جاوید لطیف، عظمٰی بخاری، عطاء تارڑ اپوزیشن میں ہونے کا ناجائز فائدہ اٹھاتے رہے۔ فیاض الحسن چوہان نے ڈسکہ اور وزیر آباد کی عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے جذبہ حب الوطنی کا ساتھ دیا۔
فیاض چوہان