پی ایس ایل سیزن 6، پشاور زلمی نے لاہور قلندر ز کو جیت کیلئے ہدف دے دیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان سپر لیگ کے دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے لاہور قلندرز کو جیت کیلئے 141رنز کا ہدف دے دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی جس پر پشاور زلمی نے 6وکٹوں کے نقصان پر 140رنز بنائے جس میں روی بوپارہ 50رنز کے ساتھ سرفہرست رہے ۔شعیب ملک اور شرفانے روتھرفورڈ 26 ، 26 رنز بنانے میں کامیاب ہوئے ۔ان کے علاوہ کوئی اور کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا ۔
پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور امام الحق نے میدان میں اتر کر کھیل کا آغاز کیا لیکن شاہین شاہ آفریدی کی میچ کی پہلی ہی گیند پر امام الحق سلپ پر کیچ آوٹ ہو گئے۔اوپننگ پر آنے والے کامران اکمل بھی صرف پانچ سکور ہی بنانے میں کامیاب ہو ئے اور سلمان مرزا کی گیند پر کیچ آوٹ ہو گئے۔ حیدر علی بھی کچھ نہ کر پائے اور بغیر کوئی سکور کے سلمان مرزا کی گیند پر پولین لوٹ گئے۔چوتھے نمبر پر آنے والے شعیب ملک نے 4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز کی اننگ کھیلی اور ڈیوڈ وائس کی گیند پر آوٹ ہو گئے۔ان کے بعدشرفانے روتھر فورڈ 26 رنز بنا کر شاہین شاہ آفریدی کی گیند کا نشانہ بن گئے۔
لاہور قلندرز کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین اور سلمان مرزا نے دو کھلاڑیوں کو پولین کی راہ دکھائی جبکہ ڈیوڈ وائس بھی ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے ۔
لاہور قلندرز کی ٹیم میں سہیل اختر ، فخر زمان ، آغا سلمان ، محمد حفیظ، بین ڈنک، سمت پٹیل ، ڈیوڈ وائس ، راشد خان ، احمد دانیال ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد سلمان شامل ہیں۔پشاور زلمی کی ٹیم میں شعیب ملک ، کامران اکمل ، امام الحق، حیدر علی ، روی بوپارہ ، شرفین ، احمد بٹ ، وہاب ریاض ، مجیب الرحمان ، ثاقب محمود اور محمد عمران شامل ہیں۔