’جیو نے معافی مانگ لی تو پھر حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا‘ گورنر سندھ بھی میدان میں آگئے

’جیو نے معافی مانگ لی تو پھر حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا‘ گورنر سندھ بھی میدان ...
’جیو نے معافی مانگ لی تو پھر حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا‘ گورنر سندھ بھی میدان میں آگئے

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ جیو نیوز کی جانب سے اگر کسی کی دل آزاری ہوئی  تو اس پر چینل انتظامیہ نے معافی مانگ لی اور وضاحت بھی کردی تھی، اس کے بعد حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عمران اسماعیل نے  کہا  کہ  جیو کی معافی کے بعد بات ختم ہوجانی چاہیے تھی، اگر کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو جیو کے سامنے پر امن احتجاج بھی ہوسکتا تھا لیکن تشدد کرنے کی کسی بھی طور حمایت نہیں کی جاسکتی، مظاہرین سے درخواست کروں گا کہ جیو کی معافی اور وضاحت کو قبول کریں۔

انہوں نے مظاہرین سے کہا کہ توڑ  پھوڑ ہمارے سندھ کے کلچر کے منافی ہے، ہم تو بڑے مہمان نواز لوگ ہیں، لیڈرز اپنے لوگوں کو سمجھائیں کہ پرتشدد احتجاج سے اجتناب کریں۔

خیال رہے کہ ایک سندھی قوم پرست جماعت کی جانب سے کراچی کے آئی آئی چند ریگر روڈ پر جنگ ، جیو کے مرکزی دفتر کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا  جا رہا ہے۔ مظاہرین نےمشتعل ہو کر جیو  کے دفتر پر حملہ بھی کیا اور واک تھرو گیٹ اور مرکزی دروازہ توڑ دیا جبکہ عملے کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ 

مزید :

علاقائی -سندھ -کراچی -