'خصوصی غنڈوں رانا ثناءاللہ اور جاوید لطیف نے ڈسکہ میں قتل و غارت کا منصوبہ بنایا' شبلی فراز کا الزام
ڈسکہ(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ ن پیسے ، غنڈہ گردی، قتل و غار ت کی سیاست کرتی آئی ہے۔ مریم نواز نے پہلےہی الیکشن کو جنگ قرار دیا تھا اس لیے انہوں نے سپیشل غنڈوں راناثناءاللہ اور جاوید لطیف کو ڈسکہ میں بھیجا تاکہ قتل و غارت کرکے الیکشن کو خون آلود بنایا جاسکے۔
ڈسکہ میں دیگر پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر سوگوار خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی ،ہمدردی کرنے کے لیے آیا ہوں ۔ ن لیگ طاقت، پیسے ، غنڈاگردی قتل غارت کی سیاست کرتے آئی ہے انہوں نے اپنے قتل سپیشلسٹ غنڈوں کو قتل وغارت و فساد کے لیے یہاں بھیجا۔ یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ماڈل ٹاؤن میں عورتوں پر سرعام گولیاں چلوائی تھیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے پتا ہے ان لو گوں کو اپنے ووٹ کم ہونے کی تکلیف ہے ۔ جن حلقوں کو یہ اپنا گڑھ سمجھتے تھے پچھلے الیکشن کی نسبت ان کے ووٹ کم ہو کر آدھے رہ گئے ہیں ، ڈسکہ میں یہ عام انتخابات میں 40ہزار کی لیڈ سے جیتے تھے اب الیکشن ہار گئے ہیں اس لیے ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے منافقانہ رویہ اپنایا ہوا ہے، یہ وہی لوگ ہیں جنہوں نے ضمیر خریدے اور ووٹ بیچے ہیں ۔ وزیراعظم نے پہلے ہی کہا تھا کہ یہ سارے اکٹھے ہوجائیں گے اور اب سارے اکٹھ ہو گئے ہیں۔