جیو پر حملہ، ارشاد بھٹی کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

جیو پر حملہ، ارشاد بھٹی کا وضاحتی بیان سامنے آگیا
جیو پر حملہ، ارشاد بھٹی کا وضاحتی بیان سامنے آگیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مرکزی دفتر پر حملے کے بعد تجزیہ کار اورپروگرام "خبرناک" کے میزبان ارشاد بھٹی نے حملے سے پہلے دیا  گیا اپنا  وضاحتی بیان دوبارہ جاری کردیا۔

تجزیہ کار ارشاد بھٹی نے اپنے ویڈیو پیغام میں وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا  کہ  ان کے پروگرام "خبرناک" کی جہاں ہمارے سندھ کے بھائیوں نے تعریف کی وہیں کچھ جملوں پر اعتراض بھی کیا، وہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ جس طرح پنجاب، خیبر پختونخوا ، بلوچستان، آزاد کشمیر ہیں اسی طرح سندھ اور سندھی بھی ان کے وجود کا حصہ ہیں اور  سندھ کیلئے ان کی جان بھی حاضر ہے۔

انہوں نے یہ بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ آج میرے جنگ جیو دفتر پر حملے کا دکھ ہوا اور زیادہ دکھ اس بات پر ہوا کہ حملے کیلئے جو وجہ تلاش کی گئی اس کی میں بہت پہلے واضح الفاظ میں وضاحت کر چکا تھا،سندھ اور سندھیوں کیلئے میری جان بھی حاضر۔‘

خیال رہے کہ آج سندھی قوم پرست جماعت کی جانب سے کراچی میں آئی آئی چندریگر روڈ پر جنگ، جیو کے مرکزی دفترکے باہر مظاہرہ کیا گیا، اس دوران مظاہرین مشتعل ہو کر دفتر کے اندر داخل ہو گئے اور توڑ پھوڑ کی۔ قوم پرست جماعت کے کارکن ارشاد بھٹی کی جانب سے سندھیوں کو "بھوکے ننگے" قرار دیے جانے پر احتجاج کر  رہے تھے۔