کامران فیصل کی پراسرارموت: تحقیقاتی کمیشن مسترد، نیب ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال ، چیئرمین کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی

کامران فیصل کی پراسرارموت: تحقیقاتی کمیشن مسترد، نیب ملازمین کی قلم چھوڑ ...
کامران فیصل کی پراسرارموت: تحقیقاتی کمیشن مسترد، نیب ملازمین کی قلم چھوڑ ہڑتال ، چیئرمین کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی

  

اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ ، کراچی،لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) کرائے کے بجلی گھروں میں بدعنوانی کی تحقیقات کرنیوالے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کامران فیصل کی پراسرار ہلاکت پر ملک بھر میں نیب کے ملازمین احتجاج کررہے ہیں اور اُنہوں نے سابق جسٹس کی نگرانی میں بنایاگیاتحقیقاتی کمیشن مسترد کردیا جبکہ افسران اور سٹاف نے چیئرمین نیب سے ملاقات کرکے احتجاج ریکارڈ کرایاجس پر چیئرمین فصیح بخاری نے سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔میڈیارپورٹ کے مطابق کامران فیصل کی پراسرار موت پر کوئٹہ میں نیب کے ملازمین ہڑتال کررہے ہیں جبکہ پشاور میں سٹاف نے سیاہ پٹیاں باندھ کر کام چھوڑ دیاہے ۔اُدھرکراچی میں ملازمین اور افسران سیاہ پٹیاں باندھ کر کام پر آئے ہیں جبکہ لاہور میں بھی ملازمین نے قلم چھوڑ ہڑتال کردی ۔ملازمین نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی سربراہی میں تحقیقاتی کمیشن مسترد کرتے ہوئے حاضر سروس جج کی زیرنگرانی کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف نیب کے افسران اور ملازمین نے چیئرمین فصیح بخاری سے ملاقات کی او رکامران فیصل کی موت پر احتجاج کرتے ہوئے ملازمین کو تحفظ فراہم کرنے اور موت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔چیئرمین نیب فصیح بخاری کاکہناتھاکہ کامران فیصل کی المناک موت پر انتہائی افسوس ہے ، نیب کے اعلیٰ حکام ملازمین کیساتھ ہیں ۔اُنہوںنے تفتیشی افسران کومکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہاکہ نیب آئین میں بھی تفتیشی افسران کو تحفظ فراہم کرتاہے۔

مزید : اسلام آباد /Headlines