انگلینڈ کےخلاف ٹی ٹونٹی سیریز کےلئے 14 رکنی آسٹرےلوی ٹیم کا اعلان
میلبورن۔ (اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا نے انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 میچز کی سیریز کےلئے 14 رکنی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ جارج بیلی کو ٹیم کا کپتان برقرار رکھا گیا ہے جبکہ ایرن فنچ ان کے نائب ہوں گے۔ سب سے حیران کن سلیکشن 20 سالہ لیگ اسپنر جیمز موئرہیڈ کی ہے جنہیں محض چار ڈومیسٹک ٹی 20 میچ کھیلنے پر قومی ٹیم میں شامل کر لیا گیاہے، برسبین ہیٹ کے بلے باز کرس لینن بھی سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے ہیں انہیں پہلی بار ٹی 20 اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ کیمرون وائٹ، مچل سٹارک، جوش ہیزل ووڈ، بین کٹنگ اور موسس ہنریکس کی بھی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی کی طرف سے اعلان کردہ اسکواڈ میں جارج بیلی (کپتان)، ایرن فنچ (نائب کپتان)، ڈینیئل کرسچن، نیتھن کولٹر نائل، بین کٹنگ، جیمز فوکنر، جوش ہیزل ووڈ، موسس ہنریکس، کرس لینن، گلین میکسویل، جیمز موئرہیڈ، مچل سٹارک، میتھیو ویڈ (وکٹ کیپر) اور کیمرون وائٹ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے مابین تین ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 29 جنوری کو ہوبارٹ، دوسرا 31 جنوری کو میلبورن جبکہ تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ 2 فروری کو سڈنی میں کھیلا جائے گا۔ یاد رہے کہ آسٹریلوی ٹیم انگلینڈ کو ایشز اور ون ڈے سیریز میں شکست سے دوچار کر چکی ہے۔