حکومت اکیلے معیشت بحال نہیں کرسکتی، سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی، سہیل لاشاری

حکومت اکیلے معیشت بحال نہیں کرسکتی، سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی، سہیل لاشاری

لاہور(کامرس رپورٹر)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور لاہور بار ایسوسی ایشن قومی مسائل پر مل کر آواز بلند کریں گے۔ یہ فیصلہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر انجینئر سہیل لاشاری اور لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری محمد اشتیاق کی سربراھی میں لاہور چیمبر کا دورہ کرنے والے پندرہ رُکنی وفد کے درمیان ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر کاشف انوراور سابق ایگزیکٹو کمیٹی رکن امجد چودھری بھی اس موقع پر موجود تھے۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ لاہور چیمبر اور لاہور بار ایسوسی ایشن فوکل پرسنز مقرر کریں گے تاکہ روز مرّہ کے مسائل پر دونوں ادارے رابطے میں رہ سکیں۔ لاہور چیمبر کے صدر انجینئر سہیل لاشاری نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام اداروں کو ہم آہنگی اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا، حکومت اکیلے معیشت کو بحال نہیں کرسکتی، اس مقصد کے لیے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے لاہور بار یسوسی ایشن کے صدر پر زور دیا کہ وہ سندھ اور خیبرپختونخوا کی بار ایسوسی ایشنوں کو کالاباغ ڈیم کی تعمیر کے لیے راہ ہموار کرنے پر آمادہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری تمام پبلک اور پرائیویٹ اداروں کو ایک دوسرے کے نزدیک لانے کی کوشش کررہا ہے۔

لاہور بار ایسوسی ایشن کے صدر چودھری محمد اشتیاق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر سے لاہور بار ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور بار ایسوسی ایشن لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ساتھ مل کر معاشرے، بالخصوص کاروباری برادری کی بہتری کے لیے کام کرے گی۔ لاہور بار ایسوسی ایشن کے وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر غلام عباس ساحر اعوان، جنرل سیکریٹری چودھری سلیم لودھی، سیکریٹری چودھری قاسم اسلم ہنجرہ، جائنٹ سیکریٹری طاہر ریاض سلہری، فنانس سیکریٹری پیر فرید الحق چشتی، لائبریری سیکریٹری راشد نذیر، آڈیٹر انعام الحق پاشا، ایگزیکٹو کمیٹی اراکین چودھری نیک محمد، ملک محمد عمران، زاہدہ صدیق، ادریس اسلم ،تحسین زہرہ کریمی اور سابق صدر پاکستان ٹیکس بار ذوالفقار احمد خاں شامل تھے۔

مزید : کامرس


loading...