وزیر اعلٰی کا کینن سنٹر کا دورہ ناقص تعمیر پر رپورٹ طلب

وزیر اعلٰی کا کینن سنٹر کا دورہ ناقص تعمیر پر رپورٹ طلب

                                                        لاہور(شہباز اکمل جندران/انویسٹی گیشن سیل) وزیر اعلیٰ پنجاب نے بیدیاں روڈ پر واقع عمارت کا دورہ کیا تو کینن سنٹر کی تعمیر ناقص نکلی، وزیر اعلیٰ کی ناراضگی پر متعلقہ حکام میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی وزیر اعلیٰ نے سی ایم آئی ٹی کو انکوائری کا حکم دیتے ہوئے ایک ہفتے میں رپورٹ طلب کرلی۔جبکہ عمارت میں استعمال کئے جانے والے میٹریل کے لیبارٹری معائنے میں کئی خامیاں سامنے گئیں۔معلوم ہواہے کہ پنجاب پولیس کی ڈیمانڈ پر سی اینڈڈبلیو پنجاب نے لاہور کے علاقے بیدیاں روڈ پر سراغ رساں کتوںکو رکھنے کے لیے کینن یونٹ نامی منصوبے پر کام شروع کیا۔ دو کروڑ 60لاکھ کے اس منصوبے کے تحت عمارت میں کمرے، احاطہ ، چاردیواری اور اس پر جنگلا لگایا جانا تھا۔سی اینڈڈبلیو نے عمارت کی تکمیل کے بعد اسے کلائنٹ ڈیپارٹمنٹ کے سپرد کردیا لیکن کلائنٹ ڈیپارٹمنٹ نے عمارت کی تعمیر پر عدم اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس دوران وزیر اعلیٰ پنجاب نے عمارت کا دورہ کیااور تعمیر کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم کو عمارت کی تعمیر کے حوالے سے انکوائری کرنے کا حکم دیا۔ ذرائع کے مطابق سی ایم آئی ٹی نے سب اچھا کی رپورٹ دی تو وزیر اعلیٰ نے رپورٹ مسترد کرتے ہوئے از سرنو پوشیدہ حقائق کو سامنے لانے کا حکم دیا۔ جس پر عمارت میں استعمال ہونے والے میٹریل کو تجزیے کے لئے بلڈنگز ریسرچ اسٹیشن بھجوایا گیا۔ ذرائع کے مطابق بلڈنگز ریسرچ کی رپورٹ میں عمارت کی تعمیر اور میٹریل کے حوالے سے کئی خامیوں کی نشاندہی کی گئی ہے عمارت کا جنگلہ ڈیزائن کے برعکس تھا پینٹ اور پلاسٹر بھی ٹھیک نہیں تھا۔ جہاں چپس کرنا ضروری تھا۔ وہاں بھی پلاسٹر ہی کیا گیا۔رپورٹ سامنے آنے کے بعد سیکرٹری سی اینڈڈبلیو ، چیف انجینئر بلڈنگز نارتھ اور متعلقہ انجینئروں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔اس سلسلے میں گفتگو کے لیے چیف انجینئر بلڈنگز نارتھ پنجاب صفدر علی،متعلقہ ایکسئین ریاض شاہ سے رابط کیا تو انہوں نے مو¿قف دینے سے اجتناب برتا ۔ البتہ ایس ڈی او شاہد منظور الحسن کا کہنا تھا کہ پراجیکٹ ان کے متعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ اس کے متعلق کچھ جانتے ہیں جبکہ ذرائع کا کہناتھا کہ شاہد منظورالحسن ہی منصوبے کا ایس ڈی او تھا۔اور سیکرٹری مواصلات وتعمیرات نے اسے ایس ڈی او سے ایکسئین کے عہدے پر ترقی دیدی ہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...