پیٹرول بحران، حکومت نے قربانی کا ’بکرا‘ ڈھونڈ لیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حکومت نے پنجاب میں بدترین پیٹرول بحران پر آئل اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے چیئرمین کو ہٹانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پیٹرول بحران کی ذمہ داری اوگرا کے چیئرمین سعید احمد پر ڈال کر انہیں ہٹانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں اور حکومت نے وزارت قانون کو ریفرنس تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے جس کے تحت سعید احمد کو جبری رخصت پر بھیجے جانے کا امکان ہے۔ وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کے مطابق پیٹرول کی سپلائی کی کمی میں اوگرا کا کوئی کردار نہیں ہے تاہم وزارت خزانہ سمیت کچھ وزراءچیئرمین اوگرا سے خائف ہیں جس پر تمام تر ذمہ داری ان پر ڈالنے کی تیاریاں کی جا رہی ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے پیٹرولیم بحران کا نوٹس لے کر 4 افراد کو معطل کر چکے ہیں جبکہ کسی بھی وزیر کو اس کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا اور کلین چٹ تھمائی جا چکی ہے۔