آسٹریلیا کا نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان
میلبورن (اے پی پی) کرکٹ آسٹریلیا کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کر دیا۔ جیکسن برڈ اور چیڈ سیئرز کو اسپیشلسٹ سیم باؤلرز کے طور پر سکواڈ میں شامل کر لیا گیا جبکہ سٹیو او کیفی اور سکاٹ بولانڈ کو ڈراپ کر دیا گیا۔ برڈ کی قریباً تین برس بعد دوبارہ ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔ انہوں نے آخری بار 2013ء میں انگلینڈ کے خلاف ایشز سیریز میں ٹیم کی نمائندگی کی تھی جبکہ سیئرز پہلی بار سلیکٹرز کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ آسٹریلوی سلیکٹر نے ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ جیت کی صورت میں ہماری ٹیم ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لے گی، ہم نے متوازن ٹیم تشکیل دی ہے، امید ہے کہ ٹیم فتوحات کے ساتھ وطن لوٹے گی۔ اعلان کردہ ٹیم کپتان سٹیون سمتھ، ڈیوڈ وارنر، جوبرنز، عثمان خواجہ، ایڈم ووجز، شان مارش، مچل مارش، پیٹرنیول، جیمز پیٹنسن، پیٹرسڈل، جوش ہیزلووڈ، نیتھن لائن، چیڈسیئرز اور جیکسن برڈ پر مشتمل ہے۔
کینگروز ٹیم دورہ نیوزی لینڈ کے دوران میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹیسٹ اور ون ڈے میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ون ڈے سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔