پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات اپوزیشن کے تحفظات دورنہ ہوسکے

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات اپوزیشن کے تحفظات دورنہ ہوسکے

لاہور(اے پی پی) 23 جنوری کو ہونے والے پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن تاحال قوانین اور اعزازی ارکان کو ووٹ کا حق دیے جانے سمیت دیگر نکات پر اپوزیشن کے تحفظات دور نہیں کرسکا۔ ذرائع کے مطابق انتخابات میں حصہ لینے والے اکرم ساہی گروپ نے چند روز قبل الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ قاضی احسان اللہ قریشی سے ملاقات کرکے 23 جنوری کو ہونے والے انتخابات کے حوالہ سے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا تھا لیکن اس حوالہ سے تاحال کوئی جواب موصول نہیں ہوا جس کے باعث انتخابات کا انعقاد بدستور بے یقینی کا شکار ہے۔

پی او اے کے صدارتی امیدوار اکرم ساہی گروپ کا سب سے بڑا اعتراض اعزازی اراکین کو ووٹ کا حق دینا ہے جن میں 11 مرد اور 5 خواتین ممبران شامل ہیں جو ممکنہ طور پر عارف حسن اور ان کے گروپ کو ووٹ دیں گے جبکہ آئین کے مطابق اتھلیٹ کمیشن کے دو اراکین کو ووٹ ڈالنے کا حق حاصل ہے۔ الیکشن کمشنر نے وفد کو انتخابی عمل شفاف اور جمہوری روایات کے مطابق مکمل کرنے کا یقین دلایا تھا اب جبکہ الیکشن کے انعقاد میں صرف ایک دن باقی رہ گیا ہے تو اس بات کے امکانات موجود ہیں کہ اکرم ساہی گروپ کے تحفظات دور نہ کئے گئے تو وہ شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنانے کیلئے عدالت سے رجوع کریں۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی