تعلیمی اداروں پر حملے انتہائی افسوس ناک ہیں،میاں محمد ایوب
لاہور( نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل میاں محمد ایوب نے چارسدہ کی باچا خان یونیورسٹی میں دہشت گردوں کے حملے کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں پر اس طرح کے حملے انتہائی افسوس ناک ہیں مشکل کی اس گھڑی میں ہم طلباء اور ان کے والدین کے ساتھ کھڑے ہیں اوران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے ڈرنے والے نہیں ہیں ہمیں بحیثیت قوم عملی اتحاد و یک جہتی کا مظاہرہ کرنا ہو گا اور سیکورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونا پڑے گا ہمارے سیکورٹی اداروں کی بروقت کاروائی کی وجہ سے ہی ان دہشت گردوں کو شکست ہو رہی ہے ہمارے جوان دہشت گردی کی اس جنگ میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں جس پر پوری قوم کو ان پر فخر ہے ۔انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ہے اور شہداء کے لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا بھی کی ہے۔