شہباز شریف کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

شہباز شریف کی باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدید مذمت

لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے کی شدیدالفاظ میں سخت مذمت کرتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے۔وزیراعلیٰ نے حملے میں شہید ہونے والے افرادکے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یونیورسٹی پر حملہ انتہائی بزدلانہ فعل ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔یونیورسٹی پر حملہ کرنے والے سفاک درندے اور ان کے سہولت کار کسی رعایت کے مستحق نہیں ۔باچا خان یونیورسٹی پر دہشت گردوں کے حملے میں معصوم لوگوں کی شہادت سانحہ سے کم نہیں۔ پنجاب حکومت شہید ہونے والے افراد کے سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی درسگاہ میں معصوم لوگوں کو نشانہ بنانے والے درندے عبرتناک سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔دہشت گردوں نے بدترین سفاکیت اور درندگی کا مظاہرہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی پر حملہ پاکستان پر حملہ ہے اور اس کے ذمہ دار عبرتناک انجام سے دوچار ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ شہداء کی کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ معصوم لوگوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے سفاک قاتل اور ان کے سر پرست اس قابل ہیں کہ انہیں نشانِ عبرت بنا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں پر حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو پاکستان میں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔یونیورسٹی میں معصوم لوگوں کو نشانہ بناناسفاکی کا بدترین واقعہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے زخمی ہونے والے افرادکی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی۔

مزید : صفحہ اول