پولیس افسروں اور اہلکاروں کی عوام دوستی کے جذبے سے فرائض ادا کرنے چاہئیں :امین وینس

پولیس افسروں اور اہلکاروں کی عوام دوستی کے جذبے سے فرائض ادا کرنے چاہئیں ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(کرائم رپورٹر)سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے کہا ہے کہ چارسدہ میں ہونیوالے افسوس ناک سانحہ کے بعد لاہور کے تعلیمی اداروں کی سیکیورٹی مزید بڑھا دی گئی ہے، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی کے لیے ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے اور شہر میں داخل ہونیوالی تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی ہر ممکن چیکنگ کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے تمام ڈویژنل ایس پیز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ اپنے اپنے ڈویژن کے تمام تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لیے ہر ممکن انتظام کریں اور تعلیمی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کو نہ صرف خود چیک کریں بلکہ متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او سے تعلیمی اداروں کا سیکورٹی آڈٹ کروائیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ عام آدمی کے مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے پولیس افسران اور اہلکاروں کو نیک نیتی اور عوام دوستی کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض سر انجام دینا چاہیے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے تھانہ نصیر آباد کی نوتعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ایس پی ماڈل ٹاؤن آپریشن و انویسٹی گیشن مستنصر فیروز اور فیصل مختار بھی موجود تھے۔سی سی پی او نے ڈی ایس پی ماڈل ٹاؤن ،ایس ایچ او نصیر آباد اورتھانے کے دیگر عملے کو اس موقع پر ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تھانے کی نئی عمارت میں کام کا آغاز اس نیت سے کریں کہ ہم نے تھانے میں آنے والے ہر عام آدمی کو وی آئی پی کی طرح ٹریٹ کرنا ہے اور اس کے مسائل کے حل کے لیے نیک نیتی سے ہر ممکن کوشش کرنی ہے۔محمد امین وینس نے کہا کہ ایڈمن افسر اور محرر پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ تھانے میں آنے والے ہر شریف شہری کے ساتھ نہ صرف خوش اخلاقی اور خندہ پیشانی سے پیش آئیں بلکہ ہر پریشان حال شہری کے مسئلے کو اپنا ذاتی مسئلہ سمجھ کر حل کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ شریف شہریوں کی جان، مال اور عزت کے تحفظ کے لیے اگر آپ کو مجھ سے بھی بات کرنا پڑے تو آپ مجھ سے فون پر بات کر سکتے ہیں میں ہر وقت آپ کی دسترس میں ہوں۔اس موقع پر ڈی آئی جی آپریشنز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور پولیس نے شہر میں مزید 12 تھانوں کی نئی عمارتوں کی منظوری لے لی ہے جن میں رواں سال 8جبکہ اگلے سال 4تھانوں کی تعمیر کی جائے گی۔لاہور پولیس نئے تھانوں کی تعمیر اس ویژن کے مطابق کر رہی ہے کہ تھانے میں آنے والے ہر سائل کے مسئلے کو جدید تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے گا۔لاہور پولیس نے رواں سال یاد گار شہدا، پولیس پبلک سکول، پولیس ہسپتال اور شہدا کے اہل خانہ کے ویلفیئر کے لیے اہم اقدامات اٹھانے کا ٹارگٹ لیا ہے جو انشااللہ جلد پورا کر لیا جائے گا۔امن و امان کے حوالہ سے ڈولفن فورس کا قیام بنیادی اہمیت کا حامل ہے جس کے ذریعے نہ صرف ڈولفن فورس کے کمانڈوز شہر کی اہم شاہراؤں پر امن امان کو یقینی بنانے کے لیے گشت کریں گے بلکہ شہریوں میں احساس تحفظ بھی پیدا ہو گا۔

مزید :

علاقائی -