صغریٰ صدف کااوور سیز پاکستانیوں اور ثقافتی شخصیات کے اعزاز میں ظہرانہ
لاہور(فلم رپورٹر)ڈاکٹر صغرا صدف ڈائریکٹر پِلاک نے گزشتہ روز اوور سیز پاکستانیوں اور ثقافتی شخصیات کے اعزاز میں ایک عصرانے کا اہتمام کیا جس میں چوہدری اعجاز حسین پیارا (صدر پاکستان اوورسیز الائنس فورم یورپ)، چوہدری اجمل خان (صدر مسلم لیگ ن اٹلی)، ملک سفیان علی اور چوہدری اعزاز (اٹلی)، معروف ہدایتکار سید نور، سینئر اداکارہ بہار بیگم، عثمان پیر زادہ، عرفان کھوسف، راشد محمود، ڈاکٹر محمد اجمل نیازی اور پارلیمانی سیکرٹری رانا ارشد نے شرکت کی۔ اعجاز حسین پیارا نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ہمیں سہولیات فراہم کرے تا کہ ہم زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کر کے اپنے وطن کو خوشحال بنا سکیں۔ عثمان پیر زادہ نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ بیرون ملک پاکستانی رجعت پسند قوتوں کو اپنے ہاں بلا کر ان کے ہاتھ مضبوط نہ کیا کریں بلکہ فن کی ترویج میں اپنا کردار ادا کریں۔ سید نور نے کہا کہ فلم انڈسٹری پاکستان کی پہچان ہے اور تفریح کا سستا ذریعہ بھی۔ عرفان کھوسٹ نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو پاکستانی ڈراموں، فلموں اور تھیٹر کو پروموٹ کرنا چاہئے۔ راشد محمود نے اوور سیز پاکستانیوں کے جذبہ حب الوطنی کی تعریف کی۔ بہار بیگم نے پنجابی فلموں کے حوالے سے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ثقافت کی اصل ترجمانی والی فلموں کی اشد ضرورت ہے۔ رانا ارشد نے اس موقع پر ڈاکٹر صغرا صدف کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے شوبز اور اوور سیز پاکستانیوں کے اعزاز میں محفل کا اہتمام کر کے گفتگو کا موقع فراہم کیا۔ انشاء اللہ حکومت پنجاب پہلے بھی فنکاروں کی فلاح و بہبود اور فن کی ترویج کے لئے کام کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔ ڈاکٹر اجمل نیازی نے فنکاروں کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ ڈاکٹر صغرا صدف نے تمام معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔