کمپنیاں ہی زائرین کاسامان ائیرپورٹ پہنچائیں گی،سعودی وزیر حج
جدہ (بیورورپورٹ) سعودی وزیر حج بندر حجاز نے حاجیوں کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ زائرین کی رہائش کا انتظام کرنے والی کمپنیاں ہی اب ان کی رہائش سے ان کا سامان ائیرپورٹ پہنچانے کی ذمہ دار ہوں گی۔ بندر حجاز کا کہنا ہے کہ ایک نئے نظام کے تحت زائرین کے لئے تیز رفتار اور آرام دہ سفر کے لئے ان کا سامان اب مقامی کمپنیوں کی ذمہ داری ہوگی۔ اس نظام کے تحت تمام زائرین سامان کی فکر کئے بغیر ہی ائیرپورٹ جائیں گے۔ انہیں اب اپنے سامان چیک ان کروانے کے لئے کاؤنٹر پر انتظار کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی۔ وزیر حج نے واضح کیا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں موجود لائسنس یافتہ کمپنیاں ان کا سامان ائیرپورٹ تک پہنچانے کی ذمہ دار ہوں گی اور وہی سامان جہاز میں رکھوانے کا عمل پورا کریں گی، مقدس شہروں سے گھروں کو واپس جانے والے زائرین کے لئے آب زم زم کی فراہمی کے حوالے سے بندر حجاز نے بتایا کہ زم زم جہازوں میں رکھواکر زائرین کے ممالک بھیج دئیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ زائرین آب زم زم کا مخصوص کردہ کوٹہ اپنے ممالک میں واپس پہنچنے پر وصول کریں گے، اب آب زم زم ان کی سعودی عرب سے واپسی پر ان کے سامان کا حصہ نہیں ہوگا۔