خواجہ احمد حسان کی نااہلی کیلئے درخواست پر کارروائی 7مارچ تک ملتوی

خواجہ احمد حسان کی نااہلی کیلئے درخواست پر کارروائی 7مارچ تک ملتوی

لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے لاہور کے متوقع میئر خواجہ احمد حسان کی نااہلی کے لئے درخواست پر کارروائی 7مارچ تک ملتوی کردی اور خواجہ حسان کے وکیل کو آئندہ سماعت پر اپنا موقف پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔جسٹس شاہد کریم نے مقامی شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی جس میں خواجہ احمد حسان کی یونین کونسل ایک سو سات سے بلامقابلہ کامیابی کو چیلنج کیاگیا ہے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت سرکاری عہدے پرفائز رہنے والا کوئی عہدے دار دو برس تک انتخاب نہیں لڑسکتا ہے اور خواجہ احمد حسان وائس چیئرمین ایل ڈی اے سمیت مختلف عہدوں پر فائز رہے ہیں۔، درخواست گزار کے مطابق کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے پہلے خواجہ حسان نے تمام عہدوں سے استفی دیا ہے اس طرح دو برس کی قانونی معیاد مکمل نہیں ہوئی اور خواجہ حسان انتخاب لڑنے کے اہل نہیں ہیں۔ وکیل نے استدعا کی کہ خواجہ حسان کے کاغذات نامزدگی مسترد کرتے ہوئے ان کو نااہل قرار دیا جائے۔ خواجہ حسان کے وکیل دلائل دینے کے لئے مہلت طلب کی جس پرہائی کورٹ نے ان کو مہلت دیتے ہوئے 7مارچ کی تاریخ مقرر کی ہے ۔

مزید : صفحہ آخر