سانحہ چار سد ہ، پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار کا آج یوم سیاہ منانے کا اعلان
لاہور(نامہ نگار خصوصی )سانحہ چار سد کے خلاف پاکستان بار کونسل، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار نے آج یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا، وکلاء تنظیموں کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف حکومت اور سکیورٹی اداروں کے اقدامات کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔باچا خان یونیورسٹی چار سدہ میں طلباء ، اساتذہ سمیت بیس افراد کی شہادت اور دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائی کے خلاف پاکستان بار کونسل ، پنجاب بار کونسل اور لاہور ہائیکورٹ بار کی طرف سے 21جنوری کو یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا گیا ہے،وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ سانحہ چار سدہ دہشت گردوں کی ایک بزدلانہ کارروائی ہے ، اس سانحہ میں سکیورٹی اداروں نے بھی غفلت برتی ، سانحہ کے خلاف ملک بھر کے وکلاء 21جنوری کو یوم سیاہ منائیں گے اور عدالتوں میں سیاہ پٹیاں باندھ کر پیش ہوں گے ، وائس چیئرپرسن فرح اعجاز کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر کے وکلاء آج 21جنوری کو عدالتوں کا بائیکاٹ کریں گے اور سانحہ چارسدہ کے خلاف عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے ، لاہور ہائیکورٹ بار نے بھی سانحہ چار سدہ پر آج مذمتی جنرل ہاؤس اجلاس طلب کر لیا ہے، صدر ہائیکورٹ بار پیر مسعود چشتی کا کہناہے کہ ہائیکورٹ بار میں کل فوری نوعیت کے مقدمات کے علاوہ ساڑھے 10بجے بھی کسی مقدمے کی سماعت نہیں ہوگی، وکلاء سانحہ چارسدہ کی مذمت میں ہائیکورٹ میں میں پیش نہیں ہوں گے ،انہوں نے کہا کہ وکلاء تنظیمیں دہشت گردی کے خلاف حکومت اور سکیورٹی اداروں کے اقدامات کی حمایت کرتی ہیں اور بھرپور تعاون کا یقین دلاتی ہیں۔