جنوبی پنجاب کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، محمودالرشید
لاہور( نمائندہ خصوصی) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے کہا کہ شہنشاہ پنجاب نے عوام کیخلاف ضرب عضب شروع کر رکھا ہے، صوبے میں صحت کا وزیر نہ ہونا اورسات ماہ گزر جانے کے باوجود ہیلتھ کے بجٹ میں سے صرف36فیصد استعمال کرناگڈگورننس کے دعویدار حکمرانوں کی عوام دشمنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر آباد کے کارڈیالوجی ہسپتال میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انکا کہنا تھا کہ 9سال گزرجانے کے باوجود وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال مکمل طور پر فعال نہیں کیا جا سکا،ہسپتال میں200میں سے صرف50بیڈز فعال کئے جا سکے، ہسپتال میںآپریشن تھیٹر نہیں، پتھیالوجسٹ ہے نہ ریڈلوجسٹ، انجیو گرافی کی سہولت نہیں، فیکلٹی مکمل نہیں۔ خادم اعلیٰ نہ جانے عوام سے کس بات کا انتقام لے رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ2015-16 میں صحت عامہ کے فروغ اور عوام کو بہترین علاج معالجہ کی جدید سہولیات کی فراہمی کا اعلان کیا اور صحت کے شعبے کیلئے 166ارب 13کروڑ روپے مختص کئے اور ہسپتالوں میں جان بجانے والی ادویہ اور آلات کی فراہمی کیلئے10ارب82کروڑ روپے مختص کئے لیکن عوام کو علاج کی بہترین سہولیات ملیں نہ ہسپتالوں کو ضروری آلات کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں، دوران زچگی جنوبی پنجاب میں شرح اموات کی شرح میں بھی خطرناک حد تک اضافہ ہو چکا ہے۔
محمودالرشید