پیپلز پارٹی کو قابضین سے آزاد کرانیکی جدوجہد کرینگے:صفدر عباسی

پیپلز پارٹی کو قابضین سے آزاد کرانیکی جدوجہد کرینگے:صفدر عباسی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز پارٹی ورکرزکے صدر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی پارٹی کو قابضین سے آزاد کرانے کے لیے24جنوری کو کراچی سے جدوجہد کا آغاز کرینگے ،بلا ول بھٹوزرداری پارٹی کو اضلاع تک محدود کرنے والوں کا احتساب کریں تو نظریاتی کارکن پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کو تیار ہیں ،محترمہ کی شہادت سے سیاسی خلاء اور قومی قیادت کا فقدان پیدا ہواہے ۔ وہ بدھ کو کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر ظفر رضوی ، رجحان آفریدی اور رخصانہ لطیف ایڈووکیٹ و دیگر موجود تھے۔صفدر عباسی نے کہا کہ سول ملٹری تعلقا ت میں بڑھتا ہوا تناؤ مسائل میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، پاکستان کی سیاسی قیادت صوبوں ،اضلاع اور تحصیل تک محدود ہو کر رہ گئی ہے ،اس نازک موڑ میں مجموعی قومی یکجہتی کی ضرورت ہے۔ قیادت کے فقدان کے باعث گوڈ گورننس کا بحران پیدا ہوا ہے ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ورکرز نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم اپنے نظریاتی پروگرام کو آگے ے کر چلیں جس کے لیے صوبائی ڈویژنل ،ضلعی اور تحصیل کی سطح پر رابطہ کمیٹیاں تشکیل دی جائینگی۔ہم بھٹو کے نظریاتی کارکنان کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرینگے اور پارٹی کے نظریات کو چاہتے ہوئے مخصوص لوگوں کے پنجے سے آزاد کرائینگے ، اس حوالے سے جدوجہد کا آغاز 24جنوری کو کراچی کے مقامی ہال میں ورکرز کونشن سے کرینگے جس کے بعد حیدر آباد میں 29جنوری کو ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا جائیگا۔انھوں نے کہا کہ اب وقت آچکا ہے کہ پیپلز پارٹی کے تمام نظریاتی کارکن آگے بڑھیں اور سہ رنگی پرچم تھام کر ورکرز کے نام پر قائم اس پلیٹ فارم کو ایک جمہوری تحریک میں تبدیل کرینگے ۔اس موقع پر کراچی ڈویژن کی رابطہ کمیٹی کے نامزد ارکان اعلان بھی کیا گیا ، انھوں نے کہا کہ ہماری رابطہ کمیٹی سینئر اور نظریاتی کارکنان پر مشتمل ہے۔