حکومت کے فراہم کردہ خطبات قبول نہیں کریں گے،قاری محمدعثمان

حکومت کے فراہم کردہ خطبات قبول نہیں کریں گے،قاری محمدعثمان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جمعیۃ علماء اسلام کے صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان نے کہاکہ ممبر ومحراب کی آزادی کو سلب نہیں ہونے دیں گے،حکومت خطباء کو پابند بنانے سے قبل اسلامی نظام نافذ کرے،حکومت کے فراہم کردہ خطبات قبول نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے اسلام آباد روانگی کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر قاضی امین الحق آزاد،محمد الیاس ،عزیزالرحمان عزیز ،ڈاکٹر اکبر خان اور دیگرموجودتھے۔ واضح رہے کہ قاری محمدعثمان اسلام آباد سے جمعیۃ علماء اسلام کے مرکزی قائم مقام سیکریٹری جنرل مولانا محمد امجد خان کی قیادت میں خادم حرمین شریفین کی دعوت پرسعودی عرب جانیوالے وفد کے ہمراہ مدینہ منورہ روانہ ہونگے۔وفد میں جمعیۃ علما ء اسلام کے صوبائی سیکریٹری جنرل مولانا راشد محمود سومرو ،مولانا عطاء اللہ شہاب اور دیگر شامل ہونگے۔قاری محمد عثمان نے کہاکہ حکومت علماء ،خطباء کو جمعہ کے اجتماعات سے خطاب کیلئے خطبات فراہم کرنے سے قبل اسلامی نظام نافذ کرے ۔اور حکمران اپنی طرز حکمرانی اسلامی تعلیمات کے مطابق بنائیں۔انہوں نے کہاکہ علماء کرام خطباء ممبرومحراب کی آزادی کسی صورت سلب نہیں کرنے دیں گے۔ علماء کرام نے ہمیشہ قوم کی صحیح رہنمائی کا فریضہ سرانجام دیاہے اور یہ فریضہ اداکرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت قوم کو غیر ضروری مسائل میں الجھانے کے بجائے ملک وقوم کو درپیش حقیقی مسائل حل کرے ۔انہوں نے کہاکہ قیام پاکستان کے بعد سے برسر اقتدار آنے والے لوگوں نے قیام پاکستان کے اصل مقصد اسلامی نظام اور اسلامی معاشرت قوم کو نہیں دی ۔انہوں نے کہاکہ دینی مدارس ومساجد کامعاشرہ میں اہم کردار ہے ان اداروں نے اس سے قبل بھی اپنا کردار بطریق احسن ادا کیاہے اور ائندہ بھی کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ کسی بھی صورت حکومت کے فراہم کردہ خطبات ہمیں قبول نہیں۔حکمران علماء وخطباء کی اصلاح کے بجائے اپنی اصلا ح کریں۔