دھوپ میں از خود تصویرمکمل کرنے والی سیاہی تیارکرلی گئی

کولاراڈو(آئی این پی ) امریکی سائنسدانوں نے الجی سے بنی ایسی ’’روشنائی‘‘ تیار کی ہے جودھوپ ملتے ہی بڑھنے لگتی ہے اور چند دنوں میں پوری تصویر مکمل ہوجاتی ہے۔امریکی سائنسدانوں نے اسے ’’زندہ روشنائی‘‘ کا نام دیا ہے جسے الجی سے بنایا گیا ہے اور چند دنوں میں شوخ سبز رنگ کی تصویر یا پیغام مکمل طور پر ظاہر ہوجاتا ہے۔ روشنائی کو دعوت ناموں اور تحفے میں بھیجی جانے والی پینٹنگز کے طور پر استعمال کیا جاسکتا ہے، مثلاً سالگرہ کیک کی تصویر کاغذ پر بنائی جاسکتی ہے جس پر عین سالگرہ کے دن کیک اور پیغام ازخود ظاہر ہوجائے گا۔اسے امریکا میں واقع ’’لیونگ انک ٹیکنالوجیز‘‘ نے بنایا ہے جس میں سست اور تیز رفتار سے اگنے والی الجی کی سیاہی کا انتخاب کیا جاسکتا ہے جس سے مصوری کے نمونے بھی تخلیق کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے لیے پہلے سے ہی الجی والی سیاہی سے تصویر بنائی جاتی ہے جو نیلی یا گلابی ہوتی ہے اور جیسے ہی اسے خاص ’گرین ہاؤس‘ فریم میں رکھا جاتا ہے سیاہی غائب ہوجاتی ہے۔ اس کے بعد روشنی پڑتی ہے تو فوٹوسنتھے سز کا عمل شروع ہوجاتا ہے اور پینٹنگ یا تحریر پر الجی اگنا شروع ہوجاتی ہے اور ایک دو دن میں الجی کے اربوں خلیات اپنے راستے پر جمع ہوکر تصویر بنادیتے ہیں۔اس ٹیکنالوجی کو ’’کاغذ پر باغبانی‘‘ بھی کہا جارہا ہے۔