قتل کے دو الگ الگ مقدمات میں ایک مجرم کو موت دوسرے کو عمر قید کی سزاسنا دی گئی

لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج نعیم عباس نے باغبانپورہ کے صغیراحمد کو قتل کرنے کے مجرم غفورحسین کو سزائے موت اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی ہے۔ باغبانپورہ پولیس نے ملزم غفور حسین کے خلاف صغیر احمدکے قتل کاچالان عدالت میں پیش کررکھاتھا۔کیس کی سماعت کے دوران جرم ثابت ہونے پر عدالت نے مجرم غفور حسین کو سزائے موت اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔فیصلے کے بعدپولیس ملزم غفور کو کوٹ لکھپت جیل لے گئی۔غفوراور صغیر کے درمیان معمولی بات پر جھگڑا ہواتھا جس پر مشتعل ہوکر غفورنے فائرنگ کرکے صغیر کو قتل کر دیاتھا۔ملزم کے خلاف باغبانپورہ پولیس نے 2011ءمیں مقدمہ درج کیاتھا۔دریں اثناءایڈیشنل سیشن جج نوید اقبال نے اصغرمعاویہ کو قتل کرنے کے جرم میں مجرم محمد عباس کو عمرقید اور 10لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ملزم کے خلاف تھانہ غاذی آباد پولیس نے 2011ءمیں مقدمہ درج کیا بعد میں چالان پیش کیا تھا۔ ملزم پر الزام ہے اس نے معمولی تنازعہ پر فائرنگ کرکے اصغر معاویہ کو ہلاک کردیا تھا۔