سانحہ چارسدہ،افغانستان میں ہندوستان کے سفارتخانے پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں :سینیٹر سراج الحق

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک )امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ سانحہ چارسدہ میں ہندوستان کے کردار اور خفیہ ہاتھ کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ، حکومت نے بھارتی وزیر کی دھمکی سنجیدہ نہیں لیا بلکہ الٹا ان کی وکالت شروع کردی،افغانستان میں قائم ہندوستان کے سفارتخانے پاکستان کے خلاف مسلسل سازشوں میں مصروف ہیں۔
باچا خان یونیورسٹی پر حملہ دراصل ہمارے مستقبل پر حملہ ہے ،حکمران اسے اسلام آباد پر حملہ تصور کریں ۔وفاقی اور صوبائی حکومتیں قوم کو اندھیرے میں نہ رکھیں ، تحقیقاتی پیش رفت سے قوم کو آگاہ رکھا جائے ، ہماری قوم کڑا احتساب بھی کرتی ہے اور حوصلہ افزائی کرنا بھی جانتی ہے۔حکمرانوں کو فوری طور پر سیکورٹی کمزوریوں کا جائزہ لینا چاہئے اور اس نوعیت کے حملوں کو روکنے کے لئے موثر پیش بندی کرنی چاہئے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی امیر مشتاق احمد خان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے زخمیوں کی عیادت اور باچا خان یونیورسٹی کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ تعلیمی ادارے قوم کا مشترکہ اثاثہ اور سرمایہ ہوتے ہیں ، ان میں قوم کے مستقبل اور نونہالوں کی تعلیم اور تربیت کی جاتی ہے۔ تعلیمی اداروں پر حملہ قوم کے مستقبل کو تاریک اور تباہ کرنے کے مترادف ہے، پوری قوم کو اس قسم کے حملوں کے خلاف متحد ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے، لیکن بدقسمتی سے قوم کو ہمیشہ اندھیرے میں رکھا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں بیٹھے حکمران اسے اسلام آباد پر حملہ تصور کریں اور اپنی سیکورٹی میں موجود خامیوں کا سنجیدگی سے جائزہ لے کر ان کو ختم کریں اور آئندہ کے لئے مضبوط اور موثر پالیسی وضع کریں تاکہ ایسے حملوں سے بچاو کے لئے موثر پیش بندی کی جاسکے۔ انہوں نے صوبائی اور مرکزی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ سانحے کے سلسلے میں تحقیقاتی پیش رفت اور حکومت کی کاروائیوں سے قوم کو آگاہ رکھا جائے ۔ انہوں نے حکومت سے دہشت گردی روکنے اور امن و امان کو بحال کرنے کے لئے اپنے ایک سالہ اقدامات اور کارکردگی کا جائزہ قوم کے سامنے پیش کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔انہوں نے کہا کہ سانحے کے بعد جماعت اسلامی اور الخدمت فاونڈیشن کے کارکنوں نے امدادی سرگرمیوں میں بھر پور کردار ادا کیا جو کہ قابل تحسین ہے۔جماعت اسلامی نے سانحہ باچا خان یونیورسٹی چارسدہ کے باعث 23جنوری کو المرکزالاسلامی پشاور میں قاضی حسین احمد مرحوم کی یاد میں رکھے گئے سیمینار کے انعقاد کومنسوخ کردیاہے۔