گرانفروشوں کیخلاف جاری آپریشن جاری ، مزید 57گرفتار ، پرائس مجسٹریٹوں کا اجلاس آج طلب
لاہور(جنرل رپورٹر)ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان کی ہدایت پر آج پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے شہر بھر میں گرانفروشوں کے خلاف بھر پور کریک ڈاؤن کو جاری رکھااور کارروائی کرتے ہوئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے721مقامات پر چھاپے مارے اور گرانفروشی کرنے پر50دکانداروں کے چالان کیے جبکہ41,000روپے کے جرمانے عائد کیے گئے،53افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کروائے گئے اور مجموعی طور پر57افراد کو گرفتار کروایا گیا۔25 افراد کو موقع پر سزا سنا کر جیل بھجوا دیا گیا۔ ڈ پٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کہا ہے کہ شہر بھر میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس پوری طرح متحرک ہیں اور کسی کوبھی گرانفروشی یا ذخیرہ اندوزی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثناء شہر میں اشیاء خورد نوش پر گراں فروشی کی سخت روک تھام اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن(ر) محمد عثمان نے کل ڈی سی آفس کے نادر ہال میں تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کا اجلاس طلب کر لیا ہے ۔اس ضمن میں ہدایت دیتے ہوئے کیپٹن(ر)محمد عثمان نے کہا ہے کہ تمام پرائس کنٹرول مجسٹریٹس فیلڈ میں نکلیں اور گراں فروشی کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں اور ایسے دکاندار جو گراں فروشی میں ملوث ہے ان کو پرائس کنٹرول کے قواعد وضوابط کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے اور جرمانے کیے جائیں ۔ علاوہ ازیں تمام اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں شہر کے شادی ہالز کے اوقات کار اور ون ڈش کو بھی چیک کیا جا رہا ہے۔