شہداکے خون کوہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھاجائے گا،مشتاق احمدسکھیرا

شہداکے خون کوہمیشہ عزت کی نگاہ سے دیکھاجائے گا،مشتاق احمدسکھیرا

لا ہور (کرائم رپورٹر،اپنے کرائم رپورٹرسے) انسپکٹر جنرل آف پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے کہا ہے کہ قیام امن کی خاطر پنجاب پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر پنجاب پولیس کے شہیدوں کے پاک خون کو ہمیشہ یاد اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ۔صوبہ میں عوام کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں کاہنہ میں قتل کے اشتہاری مجرمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے انچارج انوسٹی گیشن کاہنہ خالدمحمود کی نمازہ جنازہ کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سی سی پی او لاہور کیپٹن (ر)محمد امین وینس ، ڈی آئی جی آپریشنز ڈاکٹر حیدر اشرف ، ایس ایس پی ایڈمن رانا ایاز سلیم ، ایس پی ہیڈکواٹرز غلام مبشر میکن ، ایس پی انوسٹی گیشن ماڈل ٹاؤن کاشف اسلم اورشہید کے اہلخانہ سمیت اہلکاروں کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پنجاب کاکہناتھا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر پنجاب پولیس کے شہیدوں کے پاک خون کو ہمیشہ یاد اور عزت کی نگاہ سے دیکھا جائے گا ۔ شہید کے چچا کا کہنا ہے کہ خالد محمود ورک کواس سے قبل بھی پولیس مقابلے میں گولی لگی تھی جس پر انکی ٹانگ میں راڈ ڈالنا پڑا تھا۔پولیس کی موجودگی میں پورے اعزاز کے ساتھ انچارج انویسٹی گیشن تھانہ کاہنہ خالد محمود ورک کو گلشن راوی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید سب انسپکٹر خالد محمود خفیہ اطلاع ملنے پر ضلع قصور کے علاقہ علی گارڈن میں قتل کے اشتہاری مجرمان کا تعاقب کرتے ہوئے پہنچے تو اشتہاری مجرمان نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں وہ شہید ہوگئے ۔شہید سب انسپکٹر خالد محمود 1983کو ضلع لاہو ر میں بطور کانسٹیبل بھرتی ہوئے ۔شہید سب انسپکٹر خالد محمود نے 2بیٹے اور 2بیٹیاں سوگوار چھوڑیں۔نمازہ جنازہ کے موقع پر اہلکاروں کے چاک و چوبند دستے نے شہید کو سلامی پیش کی اور آئی جی پنجاب مشتاق احمد سکھیرا نے شہید کے اہلخانہ کے ساتھ تعزیت کااظہار کیا۔

مزید : علاقائی