پاکستان میں سی پیک کے مثبت ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں : شہباز شریف

پاکستان میں سی پیک کے مثبت ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں : شہباز شریف

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 لاہور (ایجو کیشن رپورٹر) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پا ک چین اقتصادی راہداری حقیقی معنوں میں گیم چینجرثابت ہو رہا ہے اور پاکستان میں سی پیک کے مثبت ثمرات آنا شروع ہو چکے ہیں ۔ وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں مسلم لیگ(ن) کے دور میں ملک معاشی طور پر مضبوط ہو رہا ہے اورعالمی اداروں نے بھی پاکستان کی مستحکم ہوتی ہوئی معیشت کو سراہا ہے ۔ تقریب سے خطا ب کر تے ہو ئے انہوں نے کہا کہ عوام کی خوشحالی اورملک کی ترقی کے مخالفین دھرنا گروپ اور اپنے دور میں کرپشن کے ریکارڈ بنانے والوں کو مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی شفافیت کی پالیسی سے تکلیف ہے اور یہ سیاسی عناصر خائف ہیں کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہونے سے ان کی سیاست ہمیشہ کیلئے دفن ہو جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کے باشعور عوام کو کھوکھلے نعروں یا تقریروں سے نہیں بہلایا جا سکتا ۔میرا پختہ یقین ہے کہ عوام کی خدمت کیلئے مٹی کے ساتھ مٹی ہونا پڑتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ۔ بلا جواز شور مچانے والے واویلہ کرتے رہ جائیں گے اور پاکستان آگے بڑھتا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف سے نئے تعینات ہونے والے ڈی جی رینجرزپنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ڈی جی رینجرزپنجاب کے عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے پر میجرجنرل اظہر نویدحیات کومبارکباد دی اوران کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں قیام امن کیلئے رینجر ز کے افسروں اورجوانوں کی خدمات لائق تحسین ہیں اورپاکستان کے عوام کوملک کے دفاع اورقیام امن میں مصروف عمل رینجرز کے بہادر افسروں اورجوانوں کی خدمات پر فخر ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر نئی تاریخ رقم کی ہے اوردنیا کی تاریخ میں پاکستان کی عظیم قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی۔پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سکولوں میں سمارٹ بورڈ ز(ایل سی ڈیز)کے ذریعے طلبا و طالبات کو تعلیم دینے اور اساتذہ کی تربیت کے حوالے سے مختلف امور کا جائزہ لیاگیا۔وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال شعبہ تعلیم میں انقلاب آفرین نتائج دے گااوریہی وجہ ہے کہپنجاب حکومت نے جنوبی پنجاب اورصوبے کے دوردراز اضلاع میں قائم دانش سکولز میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے بچوں اوربچیوں کوتعلیم دینے کا سلسلہ 2011سے شروع کررکھا ہے اوردانش سکولز میں سمارٹ بورڈز کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں طلبا و طالبات کو سمارٹ بورڈز(ایل سی ڈیز) کے ذریعے تعلیم سے معیار میں بہتری آئے گی اور اساتذہ کی تربیت کیلئے بھی سمارٹ بورڈز(ایل سی ڈیز)ممدومعاون ثابت ہوں گے جس سے ٹیچنگ کی کوالٹی میں بے پناہ بہتری آئے گی ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ برطانوی ماہرین کی جانب سے سمارٹ بورڈز (ایل سی ڈیز)کے ذریعے تعلیم و تربیت کے حوالے سے دی جانے والی تجاویزکاتفصیلی جائزہ لیا جائے گا اوراس ضمن میں مستقبل کا لائحہ عمل تیار کرکے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے ارفع کریم سافٹ وےئر ٹیکنالوجی پارک میں لاہورمیں امریکہ کے قونصلیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی حکومت پنجاب کے اشتراک سے بننے والے پہلے لنکن کارنر(Lincoln Corner)کا آج افتتاح کیا۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے لنکن کارنر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں لنکن کارنر کا قیام انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس سے طلباء و طالبات کو امریکی طلبہ کی سرگرمیاں اور انگریزی زبان سیکھنے کے مواقع میسر ہوں گے۔ لنکن کارنرسے پاکستانی اور امریکی طلباء و طالبات میں رابطے بڑھیں گے اور ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ لنکن کارنر میں انٹرنیٹ، کتابوں ، میگزین اور ویڈیوز کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے نوجوان فائدہ اٹھائیں گے اور مختلف معلومات تک ان کی رسائی آسان ہو گی اوربلا شبہ لنکن کارنر میں مہیا کی جانے والی جدید سہولتوں کی بدولت نوجوان اپنے آپ کو مزید با اختیار بنائیں گے کیونکہ لنکن کارنر میں متعدد سہولتیں دی گئی ہیں ۔اس سے آپس میں ڈائیلاگ میں اضافہ ہو گااور خیالات کے تبادلوں سے نئی سوچ جنم لے گی ۔انہوں نے کہا کہ لنکن کارنر میں امریکی ڈیٹا بیس اور ای لائبریری کی سہولت بھی میسر ہے اور پاکستان کے مختلف شہروں میں ایسے 19 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جس سے پاکستانی طلباء کو لیپ ٹاپ کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی مل رہی ہے اور پاکستانی طلباء و طالبات کی انجینئرنگ میں مہارت اورمختلف شعبوں میں استعداد کار بڑھانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج امریکہ کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں۔ نئے امریکی صدر نے کئی مواقع پر کہا ہے کہ ان کے دور میں اقوام عالم کے درمیان باہمی روابط میں اضافہ ہو گااور امریکہ کے عوام کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لنکن کارنر کے ذریعے پاکستان کے نوجوان امریکہ کے بارے معلومات حاصل کر سکیں گے اور انگریزی زبان سیکھیں گے جس سے ایک دوسرے کی اقدار کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلیم ، ٹیکنالوجی کے فروغ اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانا چاہتا ہے ۔ وائس چانسلر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سیف نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید علی رضا گیلانی ، چیئرمین ہائرایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین ، پنجاب کے اعلی حکام ، ماہرین انفارمیشن ٹیکنالوجی اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں افتتاح کے بعد لنکن کارنر کا دورہ کیا اوروہاں پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے لنکن کارنر میں موجود بچوں و بچیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی۔وزیر اعلی بچوں کے ساتھ ان کی نشست پر بیٹھ گئے اور ان سے خوشگوار انداز میں سوال کئے اور انہیں تلقین کی کہ آپ تعلیم پر پوری توجہ دیں اور محنت کے ساتھ تعلیمی میدان میں کامیابیاں حاصل کریں
شہباز شریف

مزید :

صفحہ اول -