جی سی یو کا کانووکیشن، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کی بطو ر مہمان خصوصی شرکت

جی سی یو کا کانووکیشن، صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن کی بطو ر مہمان خصوصی شرکت

لاہور)ایجوکیشن رپورٹر)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کا15واں کانووکیشن بخاری آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔ صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید رضا علی گیلانی نے کانووکیشن کے دوسرے روزتقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے وائس چانسلرڈاکٹر حسن امیر شاہ کو انڈوومنٹ فنڈ کیلئے سو ملین روپے کا چیک پیش کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ شہباز شریف کی جانب سے انڈوومنٹ فنڈ کیلئے گرانٹ کے اعلان کے 24گھنٹے کے اندر چیک کی فراہمی فروغ تعلیم کیلئے ہماری گہری وابستگی کامصمم اظہار ہے۔ حکومت پنجاب نے اس بات کو یقینی بنایا ہے کہ کوئی بے وسیلہ طالبعلم تعلیم سے محروم نہ رہے۔

انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی کی سائنس و ٹیکنالوجی سے مزین نالج اکانومی کی اصل بنیاد جامعات کی تعلیم وتحقیق ہے۔ یہ جامعات قومی ترقی کے عمل کو نئی مہمیز دیتی ہیں اور علمی تصورات اور تخلیقی سوچ اجاگر کر کے طالبعلموں کو یہ موقع دیتی ہے کہ وہ اپنی صلاحیتوں کا بہترین اظہار کریں۔ یہی وجہ ہے کہ تعلیم پر خرچ ہونے والا پیسہ بہترین سرمایہ کاری ہے۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور سمیت سرکاری شعبے کی پانچ جامعات کو کیو ایس رینکنگ میں نمایاں مقام دلانے کیلئے ضروری اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو ترقیاتی کاموں کیلئے دو ارب روپے کی گرانٹ کی فراہمی پر سنجیدگی سے غور کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ’’ راوین‘‘ ایک اعزاز ہے مگر آپ کی اصل پہچان پاکستان ہے۔اس حوالے سے یہ بات بھی اہم ہے کہ طالبعلم عملی زندگی میں اپنے کردار و عمل سے پاکستان کی توقیر میں اضافہ کا باعث بنیں۔پاکستانی دنیا کی ایک عظیم قوم ہیں اور ہم نے تعلیم کو بنیاد بنا کر دنیا کو دکھانا ہے کہ ہم سب سے بہتر ہیں۔قبل ازیں وائس چانسلر ڈاکٹر حسن امیر شاہ نے خطبہ استقبالیہ میں ادارے کی کارکردگی پر روشنی ڈالی اور سو ملین روپے کی گرانٹ پر حکومت پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر نے طالبعلموں میں رول آف آنر اور اکیڈیمک سرٹیفکیٹس تقسیم کئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4