اساتذہ نے متحد ہو کر حالات کا مقابلہ نہ کیا تو مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا،ظفر جمیل

اساتذہ نے متحد ہو کر حالات کا مقابلہ نہ کیا تو مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا،ظفر ...

لاہور(ایجوکیشن رپورٹر)گرینڈٹیچرز الائنس پنجاب کے چیئرمین ظفر جمیل ، سیدسجاد اکبر کاظمی، رانا سلطان محمود، رانا عطاء محمد، ظفر اقبال ، محمد اسلم گھمن اور رانا لیاقت علی نے کہا ہے کہ اساتذہ برادری نے متحد ہو کر حالات کا مقابلہ نہ کیا تو مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔محکمہ تعلیم کی ناقص حکمت عملی کی سزا اساتذہ و ہیڈ ٹیچرز کو دینے کا عمل بند نہ ہوا تو آئندہ بھی رزلٹ اچھے نہیں آئیں گے۔اساتذہ غیر تدریسی ڈیوٹیوں ، ایجوکیٹرز کے کاغذات کی جانچ پڑتال ، امتحانی ڈیوٹیوں ، ملتان میں میٹرو کے افتتاح کیلئے اساتذہ کی ڈیوٹیاں، الیکشن و مردم شماری و دیگر کی وجہ سے پریشان ہیں۔

کیونکہ ان کی وجہ سے اساتذہ کے تدریسی امور بری طرح متاثر ہو رہے ہیں جبکہ " مار نہیں پیار" کی پالیسی نے طلباء کو مادر پدر آزاد کر دیا ہے۔ جو کہ تعلیمی نتائج کے لئے تباہ کن ہے۔ گرینڈ ٹیچرز الائنس اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لئے جدو جہد جاری رکھے گا۔آج جڑانوالہ میں احتجاجی جلسہ منعقد ہوگااور احتجاجی عمل اس وقت تک جاری رہے گا جب تک محکمہ تعلیم پنجاب اساتذہ پر ظلم و ستم بند نہیں کر دیتا۔اساتذہ کی اپ گریڈیشن کے نوٹیفکیشن کے اجراء تک اور پیڈا ایکٹ کے تحت اساتذہ و ہیڈز کو دی جانے والی سزاؤں کے خاتمے تک گرینڈ ٹیچرز الائنس اپنی تحریک جاری رکھے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 4