حکومت توانائی بحران ختم کرنے کیلئے نئے پاور پلانٹس تعمیر کر رہی ہے ،رضوانہ سندھو

حکومت توانائی بحران ختم کرنے کیلئے نئے پاور پلانٹس تعمیر کر رہی ہے ،رضوانہ ...

لاہور(لیڈی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کی نائب صدر رضوانہ سندھونے کہاہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے اقدامات کی بدولت لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ 18گھنٹے سے کم ہو کر 6گھنٹے تک رہ گیا ہے حکومت چین کے تعاون سے توانائی بحران ختم کرنے کیلئے ملک بھر میں نئے پاور پلانٹس تعمیر کر رہی ہے ۔

جن کی بروقت تکمیل سے2018میں لوڈ شیڈنگ ختم ہو جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے گذشتہ روز مسلم لیگی ورکرز سے گفتگو کرتے ہو ئے کیا۔ رضوانہ سندھو کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے تحصیل و ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹرز ہسپتالوں میں جدید مشینری اور آلات فراہم کئے گئے ہیں ۔

جبکہ بیماریوں کی روک تھام کیلئے موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے مختلف اضلاع کے دیہی علاقوں میں عوام کو گھر کی دہلیز پر علاج ومعالجے کی سہولت مل رہی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب کے تحت غریبوں کے بچوں کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کیا جارہا ہے ، نئے سکول بنائے جارہے ہیں جبکہ پرانے سکولوں کی عمارتوں کی تزئین و آرائش کی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کے لئے عملی اقدامات کررہی ہے لیکن حاسدین شور مچا رہے ہیں اور وہ اسی طرح سے شور مچاتے ہوئے ہی رہ جائیں گے اور ہم آئندہ بھی عوام کی طاقت سے حکومت میں آئیں گے پی ٹی آئی والے ساری زندگی رونے میں ہی لگے رہیں گے اور ہم عوام کی خدمت کرتے رہیں گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4