کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی ، مالک مکان ضمانت پر رہا

کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی ، مالک مکان ضمانت پر رہا

لاہور(نامہ نگار)ضلع کچہری کے جوڈیشل مجسٹریٹ نے کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں ملوث مالک مکان کو 30 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہاکرنے کا حکم دے دیاہے۔جوڈیشل مجسٹریٹ عمر جاوید ورک نے ملزم محمد زبیر کی درخواست ضمانت پر سماعت کی، چوہنگ پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ملزم نے چوہنگ کے علاقہ میں اپنا مکان کرایہ پر دے کر کرایہ دارکا اندراج تھانے میں نہیں کروایا ، پولیس نے استدعا کی کہ ملزم کے خلاف مقدمہ کی تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔

لہٰذا ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا جائے، ملزم کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ملزم کیس کی تفتیش میں پولیس کو مطلوب نہیں ہے، انہو ں نے قانونی نکتہ اٹھاتے ہوئے کہا کہ ملزم کا جرم قابل ضمانت ہے اور ملزم ٹرائل کے دوران ہر تاریخ پر مسلسل پیش ہوتا رہے گا لہٰذاملزم کو ضمانت پر رہا کیا جائے، عدالت نے دلائل سننے اور ریکارڈ دیکھنے کے بعد کرایہ داری آرڈیننس کی خلاف ورزی کے مقدمہ میں ملوث ملزم کو تیس ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہاکرنے کا حکم دے دیاہے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4