سوئی ناردرن گیس کمپنی ایمپلائز یونین کے انتخابات، شہزادہ اقبال صدرمنتخب

سوئی ناردرن گیس کمپنی ایمپلائز یونین کے انتخابات، شہزادہ اقبال صدرمنتخب

لاہور ( خبرنگار ) سوئی ناردرن گیس کمپنی ایمپلائز یونین کے دو سالہ انتخابات ، پیر محمد گروپ کے شہزادہ اقبال رضا کے پینل نے میدان مار کر مسلسل دوسری بار کامیابی حاصل کر لی۔ افسروں اور ملازمین کی طرف سے یونین الیکشن میں کامیابی پر مبارک بادیں، الیکشن کے روز گیس دفاتر میں چھٹی کا سماں رہا، تاہم کسٹمر سروس سنٹر اور ایمرجنسی ٹیموں کا کام جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن میں پیر محمد گروپ کے دو دھڑوں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ تھا۔ جس میں شہزادہ اقبال رضا نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کر لی ہے ۔ غیر حتمی نتائج کے مطابق شہزادہ اقبال رضا 145ووٹوں کی لیڈ سے دوسری دفعہ مرکزی صدر منتخب ہوگئے۔ محمد ظفر اللہ سینئر نائب صدر، میاں فہیم ارشد مرکزی نائب صدر اور عبد الرشید افرید ی سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے ہیں۔ الیکشن میں لاہور سمیت پنجاب بھر اور کے پی کے میں واقع گیس کمپنی کے 16ریجنل دفاتر کے 7500سے زائد ملازمین نے ووٹ کاسٹ کیا ۔شہزادہ اقبال رضا ( شاہین گروپ) کے مقابلے میں پیر محمد گروپ کے ہی دوسرے دھڑے زبیر احمد گروپ کے درمیان کانٹے دار مقابلہ رہا، تاہم شہزادہ اقبال رضا دوسری دفعہ ایمپلائز یونین کے صدر منتخب ہوگئے ہیں۔ شہزادہ اقبال رضا نے ’’روزنامہ پاکستان‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ملازمین کے بنیادی حقوق کی بحالی ، سکیلوں کی اپ گریڈیشن اور اگلے مالی سال2017-18کے لیے ملازمین کی تنخواہوں میں بھاری اضافہ کرایا جائے گا جبکہ گیس کمپنی کی ترقی اور لائن لاسز کے چوری کے خاتمے کے لیے گیس افسروں کے ساتھ مل کر شب و روز محنت کرکے گیس کمپنی کو منافع بخش ادارہ بنائیں گے۔

ایمپلائز یونین

مزید : صفحہ آخر