اینٹی کرپشن یونٹس کی کارروائیاں، 3تھانیدار، آڈیٹر اور پٹواری رشوت لیتے گرفتار

اینٹی کرپشن یونٹس کی کارروائیاں، 3تھانیدار، آڈیٹر اور پٹواری رشوت لیتے ...

لاہور)سپیشل رپورٹر(اینٹی کرپشن حکام نے پنجاب کے مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر سب انسپکٹر‘ اے ایس آئی‘ سینئر آڈیٹر اور پٹواری کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور رشوت کی رقم برآمد کر کے ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوا دیا۔تفصیلات کے مطابق سرکل افسر اینٹی کرپشن سیالکوٹ عاطف شوکت نے اپنی تعیناتی کے پہلے دن ریجنل ڈائریکٹر گوجرانوالہ اشفاق احمد چوہدری کی ہدایت پر توحید ٹاؤن سیالکوٹ میں چھاپہ مارا اور حلقہ ہنڈل سیالکوٹ کے پٹواری ثروت کو ڈیڑھ لاکھ روپے رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ تھانہ صدر یزمان کے سب انسپکٹر لیاقت علی کو سرکل افسر بہاولپور راؤخلیل احمد نے جوڈیشل کمپلیکس کے باہر مقامی شہری رائے محسن ندیم سے 10ہزار روپے رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کیا۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن بہاولپور طارق بخاری کی ہدایت پر اینٹی کرپشن حکام نے ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس بہاولپور کے سینئر آڈیٹر نزاکت حسین مگسی کو رشوت لیتے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا۔ ملزم خیرپورڈاہا کے رہائشی منیراحمد سے رشوت لیتے پکڑا گیا۔ تھانہ چوک سرور ضلع مظفر گڑھ کا اے ایس آئی محمداقبال کو اینٹی کرپشن حکام نے 10ہزار روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کر لیا اور مقدمہ درج کر کے جیل بھجوا دیا۔ تھانہ مصطفی ٹاؤن کے اے ایس آئی طاہر کے خلاف لاہورہوٹل کے قریب مقامی شہری سلیم کی جیب سے تلاشی کے دوران ایک لاکھ 20 ہزار روپے کی رقم نکالنے اور رقم کا تقاضا کرنے پر تھانہ مصطفی ٹاؤن میں منشیات فروشی کا مقدمہ درج کرنے کے الزامات ثابت ہونے پر مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور سابق ایس ایچ او حمزہ نواز بھٹی کو بھی اسی مقدمہ میں شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن شیخوپورہ نے شاہ پور کانجراں کے رہائشی شبیرحسین کو پولیس میں بھرتی کروانے کا جھانسہ دے کر 3لاکھ روپے بٹورنے پر پولیس کانسٹیبل ظفر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ اینٹی کرپشن خانیوال نے سرکاری فنڈز خوردبرد کرنے کے ایک مقدمے میں سابق چیئرمین سی سی بی کبیروالا کاظم حسین سے ایک لاکھ 95ہزار روپے کی رقم برآمد کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دی ہے۔

مزید : صفحہ آخر