نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنی تشہیر کیلئے سیلفی کا کلچر اپنا لیا

نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنی تشہیر کیلئے سیلفی کا کلچر اپنا لیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(عامربٹ سے) پاکستان میں بھی سیلفی کلچر پروان چڑ ھنے لگا ،ہر وقت ،ہر جگہ لوگ باتیں کم اور سیلفیاں لینے کو تیار،شوبز کی دنیا اور شخصیات سے متاثر ہو کر نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے اپنی تشہیر کرنے کے لئے سیلفی کلچر کو اپنا لیا،شادی بیاہ کی تقریبات ،ہوٹلوں،پارکوں،سکول ،کالجز،یونیورسٹیوں،خریداری کرتے وقت حتی کے فوت شدہ شخص کے ساتھ بھی سیلفیاں لینے کو لوگوں نے اعزاز سمجھ لیا ،معروف سیاسی شخصیات کے ساتھ لی گئی سیلفیز کو بلیک میلرز اور جرائم پیشہ افراد نے اپنے تعلقات ظاہر کرنے کے لئے ڈھال بنا لیا ،سیلفی کا جنون،اپنے آپ کو ثابت کرنے کی لگن، دینا بھر کی طرح پاکستان میں بھی کئی نوجوان دوران سیلفی اپنی جان ہار گئے ،سیلفیاں لینے کے دوران ہونے والی اموات میں پاکستان پوری دنیا میں دوسرے نمبر پر آگیا ،ماہر نفسیات نے سیلفی کلچر کو ایک ذہنی بیماری قرار دے دیا ،تفصیلات کے مطابق دنیا ایک گلوبل ویلج میں تبدیل ہو چکی ہے جہاں سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں نے ایک دوسرے کے ساتھ روابط کو بڑھایا ہے ،اسی سوشل میڈیانے جہاں انسانی زندگیوں میں مثبت پہلوؤں کو اجاگر کیا ہے اسی طرح منفی پہلو بھی ہماری زندگی کا حصہ بن چکے ہیں جن سے ہم باہر نکلنا بھی چاہیں تو نہیں نکل سکتے ہیں ،آج کل فیس بک ،واٹس اپ اور انسٹا گرام جیسی سوشل نیٹ ورک سائٹس پر سب سے زیادہ دیکھا اور پوسٹ کیا جانے والا ٹرینڈ سیلفیز کا ہے ،آپ کسی بھی جگہ چلے جائیں ،کسی ریستوران،خاندانی اجتماعات،میٹنگز ،پارک، سکول ،کالجز،یونیورسٹیوں،سیاسی اجتماعات غرض جہاں بھی انسانی سوچ جا سکتی ہے اگر تو وہاں کسی کے پاس اینڈرائیڈ موبائل ہے تو وہ سیلفی ضرور لے گا ،کسی سے ملاقات کے وقت لوگ اب بات کرنے کی بھی زحمت نہ کرتے ہیں اور نہ ہی اس بات پر غور کیا جاتا ہے کہ اگلے شخص سے کتنی اور کس موضوع پر گفتگو ہوئی بس سیلفی لینے میں زیادہ دلچسپی محسوس کی جاتی ہے ،اس رجحان کو پروان چڑھتے دیکھ کر بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ معاشرے میں ذاتی احترام اور تعلقات کس قد کمزور ہو چکے ہیں ،سوشل میڈیا کے ذریعے سیلفی ٹرینڈ کا شکار سب سے زیادہ نوجوان نسل ہو ئی ہے جنہوں نے پاکستانی اور انڈین ہیروز اور ہیروین کی سیلفیاں دیکھ دیکھ خود بھی اپنے ابرو اور جلد چڑھا کر ،ناک سکیڑ کر ،مسکراہٹ کے مختلف انداز دانتوں کی نمائش ،بالوں کے سٹائل اور چہرے کے مختلف اور عجیب غریب زاویوں سے سیلفیاں لے کر فیس بک اور دوسری نیٹ ورکنگ سائٹس پر اپ لوڈ کرکے خوب تشہیر حاصل کی ہے حد تو یہ ہے کہ اب لوگوں نے اپنے عزیزو ں کے فوت ہونے کی صورت میں بھی ان کے ساتھ سیلفی لینے کا رواج ڈال دیا ہے ،سوشل میڈیا پر کئی ایسی تصاویر کو دیکھا جاسکتا ہے جس میں کفن میں لپٹے شخص کے ساتھ ہاتھ میں مہنگا موبائل اور آنکھوں میں آنسو لئے ہوئے کوئی شخص سیلفی لینے میں مصروف ہے ،ایک سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا بھر میں خطرنا ک طریقوں سے سیلفی لے کر اپنی جان سے ہاتھ دھونے والوں کی تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگیا ہے ۔

مزید :

صفحہ آخر -