حافظ سعید نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 26جنوری سے5فروری تک’’عشرہ کشمیر‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ، ملک گیر سطح پر جلسوں اور ریلیوں کا فیصلہ

حافظ سعید نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 26جنوری سے5فروری تک’’عشرہ ...
حافظ سعید نے کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 26جنوری سے5فروری تک’’عشرہ کشمیر‘‘ منانے کا اعلان کر دیا ، ملک گیر سطح پر جلسوں اور ریلیوں کا فیصلہ

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے بسلسلہ پانچ فروری کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے 26جنوری سے5فروری تک عشرہ کشمیر منانے کا اعلان کیا او رکہا ہے کہ کشمیر میں جاری ریاستی دہشت گردی کے حوالہ سے 26جنوری کو اسلام آباد میں ’’ آل پارٹیز کانفرنس ‘‘ جبکہ ضلعی سطح پر جلسوں، کانفرنسوں، سیمینارز اورریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا ،  ملک گیر سطح پر ہونے والے پروگراموں میں تمام مذہبی، سیاسی و کشمیری جماعتوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات کو شریک کیاجائے گا۔

مرکز القادسیہ چوبرجی میں ہونے والے ایک اجلاس میں  فیصلہ  کیا گیا کہ 26  جنوری سے لیکر  5  فروری تک طلباء،اساتذہ،علمائے کرام، وکلا ، تاجروں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ جات کے مختلف ایام میں الگ سے پروگراموں کا بھی انعقاد کیا جائے گا ، کراچی سے پشاور تک جلسوں اور کانفرنسز کے علاوہ پورے ملک میں زبردست تشہیری مہم چلائی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کشمیر کے حوالے سے خصوصی طور پر ڈاکومینٹری تیار کر کے چوکوں و چوراہوں اور دیگر پبلک مقامات پر دکھائی جائے گی، 5 فروری کو ملک کے ہر ضلع اور تحصیل میں جلسے ہوں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے حافظ محمد سعید نے کہاکہ سال 2017ء کو کشمیر کے نام کرنے کا مقصد دنیا تک مظلوم کشمیریوں کا پیغام پہنچانا اور تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے، کشمیر میں آٹھ لاکھ بھارتی فوج کی طرف سے جس طرح مظالم ڈھائے جارہے ہیں پوری مسلم دنیا خاص طور پر حکومت پاکستان کا فرض بنتا ہے کہ اپنے کشمیری بھائیوں کی ہرممکن مددوحمایت کی جائے ۔ انہوں نے پاکستانی قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں ملک کے کونے کونے میں ہونے والے جلسوں، کانفرنسوں اور سیمینارز میں بھرپور انداز میں شریک ہوں تاکہ دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیا جاسکے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ کشمیری مسلمانوں کی ہر طرح سے مددکریں گے، انہیں کسی صورت بھارت سرکار کے رحم وکرم پرنہیں چھوڑا جائے گا،کشمیر کسی صورت انڈیا کا حصّہ نہیں رہ سکتا ، خونی لکیر جلد ٹوٹ جائیگی،  مظلوم کشمیریوں کی مدد کرنا قرآن وسنت کی روشنی میں ہر مسلمان پر فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر پاکستان کیلئے زندگی اور موت کی حیثیت رکھتا ہے، پورے ملک میں جلسوں اور کانفرنسوں کے ذریعے کشمیری بھائیوں کا پیغام دیا جائے گا کہ پوری پاکستانی قوم ان کی جدوجہد آزادی کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

مزید : لاہور