پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کا افتتاح
سوئمنگ پاکستان کے مقبول ترین کھیلوں میں شمار کیا جاتا ہے جس میں بلاشبہ ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے مگر سوئمرز کو معیاری سوئمنگ پولز کی کمی کا جو سامنا درپیش تھا اسے بھی صوبائی حکومت نے دور کردیا ہے انٹرنیشنل سوئمنگ پولز کی تعمیراس بات کا منہ بولتا ثبوت ہے کہ اب مستقبل میں پاکستانی سوئمرز کو انٹرنیشنل سطح کی طرح یہاں بھی پرفارم کرنے کا موقع ملے گا اور اس کے ساتھ ساتھ پاکستان میں اب غیر ملکی سوئمرز بھی پاکستان آکر یہاں پر کھیل پیش کریں گے اس بات کا کریڈٹ صوبائی حکومت کو جاتا ہے جنکی انتھک محنت کی بدولت یہ شاندار منصوبہ تکمیل تک پہنچا ہے اور اس حوالے سے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی ذاتی کوششوں کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے اور اس سوئمنگ پول کو جس شاندار طریقہ سے تعمیر کیا گیا ہے اور ایک خطیر رقم خرچ کی گئی ہے یہ ایک اچھا عمل ہے اور اس سے اس کھیل پر مستقبل میں بہت مثبت اثرات مرتب ہوں گے سب سے بڑھ کرپاکستان کے سوئمرز کے لئے ایک بہترین تحفہ ہے اور اس سے وہ بھرپور فائدہ اٹھائیں گے جو ان کے اس شعبہ میں بہترین مستقبل کے لئے بہت اچھا ثابت ہوگا پاکستان میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور یہ انٹرنیشنل سوئمنگ پول وقت کی اہم ضرورت تھی، جس کو پورا کرکے ملک میں اس کھیل کی ترقی کے لئے مثبت قدم اٹھایا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں عالمی معیار کا سوئمنگ کمپلیکس بنایا گیاہے جس میں متعدد سہولتیں مہیا کی گئی ہیں۔یہ سوئمنگ کمپلیکس صوبے میں تیراکی کی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت صوبے میں سپورٹس کی سرگرمیوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے اور اس مقصد کیلئے 8ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔صوبہ بھر میں کھیلوں کے نئے میدان بنائے جا رہے ہیں جن میں ہاکی، کرکٹ، فٹ بال شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ صوبے کے 5شہروں میں ہاکی کے سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیڈیم بنائے گئے ہیں، جبکہ دیگر شہروں میں بھی کھیلوں کے میدان بنائے جا رہے ہیں۔صوبہ بھر میں بہترین جمنیزیم قائم کئے گئے ہیں، جہاں قوم کے بچے او ر بچیوں کو مختلف کھیلوں کی سہولتیں ملیں گی۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ قبضہ مافیا نے ملک میں پنجے گاڑھے ہوئے ہیں۔ پنجاب، سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا میں اربو ں روپے کی ہزاروں ایکڑ اراضی پر قبضہ مافیانے اپنا قبضہ جمایا ہو اہے ۔ قبضہ مافیا سے یہ زمینیں واگزار کرا کے نوجوانوں کو کھیلوں کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے استعمال میں لانے کے لئے عزم کے ساتھ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ پنجاب حکومت نے قبضہ مافیا سے سینکڑوں ایکڑ اراضی واگزار کر ا کے یہاں نوجوانوں کے لئے کھیلوں کے میدان بنائے ہیں۔ قبضہ مافیا سے یہ زمینیں واگزار کر ا کے انہیں صحیح معنوں میں عوام کی فلاح کے لئے استعمال میں لانا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ دیار غیر میں بسنے والے لاکھوں پاکستانی اپنی محنت کی کمائی سے یہاں زمینیں خریدتے ہیں، لیکن بدقسمتی سے قبضہ مافیا ان کی زمینوں پر قابض ہو جاتاہے ۔پنجاب حکومت نے دیار غیر میں بسنے والے عظیم پاکستانیوں کی جائیدادوں کو قبضہ مافیا سے محفوظ بنانے کے لئے قانون کے مطابق اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب بنایا ہے او ریہ ا دارہ اب تک ہزاروں اوورسیز پاکستانیوں کو ریلیف دے چکا ہے۔ قانون کی حکمرانی آگے بڑھنے کا واحد راستہ ہے اور ہم نے اس ضمن میں غیر قانونی اقدامات کی روک تھام کے لئے موثر اقدامات کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہم سب کا ملک ہے اور ہمیں اسے ملکر سنوارنا ہے۔آئیں پاکستان کی تعمیر ترقی، خوشحالی او راسے قائدؒ واقبالؒ کا پاکستان بنانے کے لئے ملکر آگے بڑھیں۔دھرنوں ،لاک ڈاؤن اور احتجاج سے کوئی قوم ا ور ملک آگے نہیں بڑھتا،اگر آپ نے دھرنوں اور احتجاج کے ذریعے قائدؒ و اقبالؒ کی روح کو تڑپانے کی کوشش کی تو یہ قوم آپ کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دے گی۔ انہوں نے کہاکہ آئیں میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ پنجاب کے منصوبوں کا مشاہدہ کریں،ہمارے کھیل کے میدان دیکھیں، تعلیمی ادارے اور سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتالوں کا مشاہدہ کریں۔ دھرنوں اوراحتجاج سے قومیں نہیں بنتی،ہم چاہتے ہیں کہ ایسے منصوبے پاکستان کے تمام صوبوں میں لگیں تاکہ عوام ترقی کریں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں ملکر ملک کا نام روشن کرناہے چاہے وہ کھیل کامیدان ہو یا میدان سیاست ۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس کی تکمیل پر صوبائی وزیر سپورٹس، سیکرٹری سپورٹس، ڈی جی سپورٹس او رپوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ اس شاندار منصوبے کی تکمیل میں پوری ٹیم نے محنت سے کام کیاہے۔ میں انتظامیہ سے کہوں گا کہ وہ اس پراجیکٹ کو چلانے کے لئے میرٹ پر کام کریں اور یہاں ٹرینرز میرٹ پر رکھے جائیں ،کوئی سفارشی نہیں ہونا چاہیے تاکہ عالمی معیار کے کھلاڑی سامنے آئیں جو ملک وقوم کا نام روشن کریں۔ انہوں نے کہاکہ افتتاحی تقریب میں اختر رسول،انتخاب عالم،عاقب جاوید او رظہیر عباس جیسے نامور کھلاڑی موجود ہیں، جنہوں نے دنیا میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ ہمیں کھیلو ں کے فروغ کے لئے ا ن عظیم کھلاڑیوں کی خدمات بھی حاصل کرنی چاہیے۔وزیراعلیٰ نے کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے سابق سیکرٹری سپورٹس نیئر اقبال اور سابق ڈی جی سپورٹس ذوالفقا گھمن کی کاوشوں کی بھی ستائش کی۔ وزیراعلیٰ نے منصوبے میں کنٹریکٹ پر کام کرنے والے پنجاب سپورٹس بورڈکے 70 ملازمین کو مستقل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لئے معیار مقرر کیا جائے گا جو اس پر پورا اترے گا اسے ریگولر کر دیاجائے گا۔ صوبائی وزیر سپورٹس جہانگیر خانزادہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب سپورٹس کے حوالے سے آج تاریخی دن ہے اور یہاں عالمی معیار کا سوئمنگ کمپلیکس بنا یا گیا ہے۔ پنجاب کی خوش قسمتی ہے کہ اسے شہبازشریف جیسا قائد ملا ہے جو تعلیم او رصحت کے ساتھ کھیلوں کے فروغ پر بھی بھر پور توجہ دے رہے ہیں۔ چیئرمین سٹیئرنگ کمیٹی سپورٹس سیکٹر ڈویلپمنٹ پنجاب حنیف عباسی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے تیراکی کے دو مقابلے بھی دیکھے اور مقابلے جیتنے والے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔ وزیراعلیٰ کو سیکرٹری سپورٹس عامر جان نے صوبہ بھر میں کھیلوں کی سرگرمیوں کے فروغ کے حوالے سے ا ٹھائے گئے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی۔ صوبائی وزراء، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی، پاکستان کے مایہ ناز کھلاڑیوں اور سپورٹس کے شائقین کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔