پارلیمنٹ پر لعنت ملامت کرنیوالے لیڈر کا طرز عمل جمہوری روایات کے منافی ہے ، شہباز شریف
لاہور(جنرل رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے اموراورسیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ملاقات میں سندھ سے تعلق رکھنے والے شیرازی برادران بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیراعلیٰ پنجاب اورگورنر سندھ نے پارلیمنٹ کو برا بھلا کہنے والوں کی مذمت کی۔وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ پارلیمنٹ پر لعنت ملامت کرنے والے لیڈر کاطرز عمل جمہوری روایات کے منافی ہے اوران عناصر نے پارلیمنٹ کے آئینی ادارے کی توہین کی ہے ۔یہ وہ عناصر ہیں جنہوں نے دھرنے دے کرملک و قوم کے مسائل میں ا ضافہ کیا ۔انہوں نے کہا کہ سیاست عوام کی بے لوث خدمت کا نام ہے ۔ذاتی انا ’میں‘ کی روش نے ملک وقوم کا بے پناہ نقصان کیا ہے ۔پاکستان کو آگے لے جانے کیلئے ’ہم ‘کی روش پر چلنا ہوگا۔شہبازشریف کے فلاح عامہ کیلئے اقدامات سب کیلئے رول ماڈل ہیں اورصوبہ پنجاب کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے شہبازشریف نے انتھک محنت کی ہے ۔وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں رکن قومی اسمبلی سید ایاز علی شیرازی، سابق رکن قومی اسمبلی سید شفقت حسین شیرازی اور مسلم لیگ (ن) ٹھٹھہ کے صدر محمد حنیف میمن شامل تھے۔ شہبازشریف نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کے مختلف سیکٹرز پر بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے بھارتی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرگہرے دکھ اور افسوس کا اظہارکرتے ہوئے جاں بحق افرادکے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلی نے زخمی افراد کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی ہے اور انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ زخمی افراد کو ہرممکن طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بھارتی فائرنگ کی وجہ سے نقل مکانی کرنے والے افراد کی دیکھ بھال کے لئے خصوصی ریلیف کیمپس قائم کئے جائیں۔دریں اثناشہباز شریف نے کہا ہے کہ احتجاج اور انتشار کی سیاست ملک و قوم کی ترقی کیلئے زہر قاتل ہے۔ دھرنوں کی سیاست کرنے والے میری نہیں بلکہ عوام کی ترقی کی مخالفت کر رہے ہیں۔ دھرنا گروپ نے گزشتہ ساڑھے چار سالوں میں عوام کا وقت برباد کرنے کے سوا کچھ نہیں کیا۔یہ عناصر موجودہ دور میں ملک کی تیز رفتار ترقی سے خوفزدہ ہیں۔ اگر احتجاج کرنے والے اپنے صوبوں کے عوام کی خدمت کرتے تو انہیں عوام کا سامنا کرنے کا خوف نہ ہو تا۔ ان عناصر نے اپنے صوبوں کے عوام کی خدمت نہیں کی اس لئے آج شرمسار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اقدار اور عوامی خدمت کی سیاست کی ہے۔
شہباز شریف