اپوزیشن کے نام نہاد اتحاد کو لاہوریوں نے مسترد کردیا ،مشاہد اللہ
کراچی( این این آئی ) وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کا قصور پاکستان کو ایٹمی بنانا ہے ۔ملک کو معاشی طاقت بنانے کی داغ بیل ڈالنے پر بیرونی اور اندرونی دشمنوں نے ان کے خلاف سازش کی جسے ناکام بنانے کے لیے نواز شریف کے سپاہی ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ مسلم لیگ (ن)ہاؤس کارساز میں پارٹی اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سید منور رضا، امان آفریدی ،نثار شاہ ،ملک تاج ،سلطان بہادر ،زاہد علی شاہ ، یعقوب کارلو، اسلم خٹک، نعیم، حبیب اللہ اور راجہ سعید نے بھی خطاب کیا ۔اجلاس میں سندھ کے نائب صدور راجہ عبد اللہ، کریم شیخ، علی اکبر گجر، فواد شاہ، حمید بٹ، چودھری امجد، خواجہ نیر اور دیگرشریک ہوئے ۔مشاہد اللہ خان نے کہا کہ اپوزیشن کے نام نہاد اتحاد کو لاہور سمیت ملک بھر کے عوام نے مسترد کردیا ہے ۔نواز شریف کے خلاف سازشیں کرنے والے زرداری ،عمران اور قادری کو عوام نے ان کی اوقات یاددلادی ہے ۔بڑے بڑے دعوے کرنے والوں نے خالی کرسیوں سے خطاب کیا اور استعفیٰ دینے کا اعلان کرنے والے شیخ رشید احمد منہ چھپانے کے لیے دبئی جابیٹھے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہرگذرتے دن کے ساتھ مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے جس سے مخالفین خائف ہیں ۔