کشمیری ہرصورت پاکستانی مفادات کومقدم رکھتے ہیں،سحرش قمر

Jan 21, 2018


مظفرآباد(بیورورپورٹ)آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی رکن چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صنعت وتجارت سماجی بہبود محترمہ سحرش قمر نے کہا ہے کہ الحاق پاکستان ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ کشمیری عوام ہر صورت میں پاکستان کے مفاد ات کو مقدم رکھتے ہیں، سیاسی اور معاشی طور پر مضبوط و مستحکم پاکستان ہی کشمیریوں کا بہترین وکیل ثابت ہو سکتا ہے ۔ عوامی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آگ اور خون کی ہولی جاری ہے بھارتی فوج نے مظالم کی انتہا کر رکھی ہے ایسا وقت میں عالمی برادری کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ اس حوالے سے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں قوم کو غیرت اور عزت کے ساتھ کھڑا ہونے کی ترغیب دینی چاہیے اور لوگوں کی ہمت بڑھانی چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ مستحکم اور مضبوط پاکستان کشمیریو ں کے لیے ایک بہترین وکیل ثابت ہوگا۔ ایک مضبوط پاکستان کی وجہ سے بھارت میں رہنے والے مسلمان بھی محفوظ ہیں اور یہ پوری مسلم امہ کے لیے ایک سہارا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں نے 19جولائی کو قرار داد الحاق پاکستان منظور کرکے یہ واضح پیغام دے دیا تھا کہ کشمیریوں کی منزل صرف اور صرف پاکستان ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان کے ساتھ ہماری محبت کسی بھی شک و شبہ سے بالاتر ہے ۔ پاکستان ہمارا ملک ہے اس لیے ہمیں اس وقت سخت دکھ ہوتا ہے جب چند عناصر سازشوں کے ذریعے اس ملک کو کمزور کرنے کی کوشش کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ کے تقدس کا خیال کیا جانا چاہیے ۔ لوگ جیسے منتخب کریں اس کا احترام کیا جانا چاہیے ۔کشمیریوں نے اپنا خون دیکر بھارت کو روک رکھا ہے ہم اب بھی پاکستان کے تحفظ کے لیے اپنی جانیں دینے کے لیے تیار رہتے ہیں۔

مزیدخبریں