سیاست بچتی ہے یا نہیں، سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گے : خواجہ سعد رفیق
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان مکمل طور پر آزاد ملک نہیں ہے، اسے آزاد دیکھنا چاہتے ہیں، کونسا ایسا حملہ ہے جو نون لیگ پر نہیں کیا گیا؟ نواز شریف کے ساتھ ناانصافی ہوئی، کل بھی کہیں گے اور پرسوں بھی کہیں گے کہ ہمیں انصاف چاہئے لیکن ہماری باتوں کو حملہ تصور نہ کیا جائے اور ہمارے مشوروں کو غیرذمہ دارانہ نہ سمجھا جائے،سیاست بچتی ہے یانہیں ، سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گے ۔
لاہور میں ’باب پاکستان‘ کی تعمیر نو کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں رکاوٹیں نہ کھڑی کریں، اداروں میں مقابلے بازی نہیں چاہتے، ایسا نہ کریں کہ سیاست بچے نہ ملک، اس طرح نہیں چلے گا، سیاست بچتی ہے یا نہیں لیکن سچ بولنے سے باز نہیں آئیں گے۔ ہم لڑنا اور اداروں سے محاذ آرائی نہیں چاہتے لیکن ہم نے آج تک سبق نہیں سیکھا، اگر ادارے آپس میں لڑیں گے تو ملک آگے نہیں چلے گا۔ ایک دوسرے سے محاذ آرائی اور مقابلہ نہیں، ووٹ کا احترام چاہتے ہیں اور اب فیصلہ لوگوں کا چلے گا، بند کمرے کا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری باتوں کو حملہ تصور نہ کیا جائے اور ہمارے مشوروں کو غیر ذمے دارانہ نہ سمجھا جائے۔پارلیمنٹ، عدلیہ اور اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام اداروں کو مل معاملات حل کرنا ہوں گے۔
سعد رفیق کا مزید کہنا تھا کہ کونسا ایسا حملہ ہے جو ن لیگ پر نہیں کیا گیا ہو لیکن وزیر اعظم ہاوس میں بیٹھا نوازشریف اتناخطرناک نہیں تھا، جتنا جاتی امرا میں بیٹھا خطرناک ہے۔ ہماری بس کو جنگلا بس کہتے تھے لیکن اب کے پی کے میں بنارہے ہیں اور میٹرو ٹرین کا منصوبہ 22ماہ تاخیر کا شکار ہوا تاہم جو مرضی کرلو شہباز شریف ٹرین چلا کر رہے گا۔