ذوالفقار چیمہ کا یوتھ اسکل پروگرام کے طلباو طالبات کی عملی تربیت کا جائزہ لینے کے لیے نیو ٹیک کا دورہ
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعظم یوتھ اسکل پروگرام کے زیر تربیت طلبا و طالبات کی عملی تربیت کا جائزہ لینے کے لیے نیو ٹیک کے سربراہ ذوالفقار احمد چیمہ نے لاہورکے مختلف تربیتی اداروں کا دورہ کیا جن میں گورنمنٹ انسٹیٹیوٹ آف امرجنگ ٹیکنالوجیز ،وائز کالج آف ایجوکیشن گلبرگ اور لاہور گلف ٹریننگ سنٹر شامل ہیں ۔انہوں نے اداروں کی ورکشاپس اور لیبارٹریز کا دورہ کیا اور زیر تربیت نوجوانوں کی عملی تربیت کا جائزہ لیا ۔انہوں نے انسٹرکٹر ز اور زیر تربیت نوجوانوں سے بات چیت کی اور تربیتی امور کے بارے میں مختلف سوالات کیے ۔انہوں نے نوجوانوں کو ہدایت کی کہ وہ کورسز میں دلچسپی لیں اور اپنی استعداد بڑھائیں تاکہ ان کو ملکی اور عالمی مارکیٹ میں با عزت روزگار ملے ۔ذوالفقار چیمہ نے کہا کہ اداروں کا معیاری تربیتی ماحول اور صحت مندانہ مثبت سرگرمیاں طلبہ کی شخصیت کی تکمیل میں اہم کردار ادا کرتی ہیں ۔نیو ٹیک کے سربراہ نے کہا کہ ہم ملک کے تمام نوجوانوں کو انتہائی مفید ہنر سکھائیں گے اور ہنر کی طاقت سے پاکستان سے غربت اور بے روگاری کا خاتمہ کریں گے ۔