جب سازشیں کرکے وزیروں پر پابندی لگائی جائے گی تو پھر سینیٹ میں کون آئے گا؟ فواد چودھری
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیر اطلاعات فوادچودھری نے کہاہے کہ ہم نہیں جانتے کہ چیئر مین سینیٹ کن کاہے ؟ جب سازشیں کرکے وزیروں پر پابندی لگائی جائے گی تو پھر سینیٹ میں کون آئے گا؟ پارلیمان کوکوئی ادارہ عزت نہیں دے سکتا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے فوادچودھری نے کہا کہ جسٹس ثاقب نثار کے دور میں افتخار چودھری والا دورتازہ ہوا ہے ، ہم کو توازن کی تلاش ہے ، ہمارے ہاں تمام ادارے اپنی اپنی طاقت کوبڑھانے کی چکر میں رہتے ہیں ، اصل بات طاقت میں توازن قائم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان کوکوئی ادارہ عزت نہیں دے سکتا ، پارلیمان اپنی عزت تب بنائے گی جب لوگوں کو پتہ چلے کہ یہاں پر جو بات ہوتی ہے اس کاتعلق عوام سے ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پوری دیانتداری سے کوشش کی تھی کہ وزیر اعظم پارلیمنٹ میں جائیں گے لیکن وہاں پر ماحول ہی نہیں رہا ، یہ ماحول اس وقت خراب ہوا جب وزیراعظم کی پہلی تقریر کے موقع پر عمران خان کو روکا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہم کو پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن سے کوئی ایشو نہیں ہے ، یہ پارٹیاں صرف نواز شریف اور آصف زرداری کے تناظر میں بولتی ہیں باقی ہم کو کوئی مسئلہ ہی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب سازشیں کرکے وزیروں پر پابندی لگائی جائے گی تو پھر سینیٹ میں کون آئے گا ، ہم کو نہیں پتہ کہ چیئر مین سینیٹ کن کا ہے ؟