لاہور سے کراچی، بیشتر شہروں میں بارش سے جل اور تھل ایک، متعدد علاقے بجلی سے محروم
لاہور / کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور سے کراچی تک پنجاب اور سندھ کے بیشتر شہروں میں بارش سے جل اور تھل ایک ہوگیا ہے۔
پاکستان کے دل لاہور میں آندھی کے ساتھ بارش نے سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے۔ تیز ہواﺅں کے ساتھ موسلادھار بارش سے نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا۔ اب بھی لاہور میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔
پنجاب کے ضلع وہاڑی اور بورے والا میں تیز بارش نے سردی بڑھادی ہے۔ بورے والا میں آندھی اور بارش کے باعث ٹرانسمیشن سسٹم ہی بیٹھ گیا اور تمام فیڈرز ٹرپ کر گئے جن کی بحالی کاکام جاری ہے۔
سندھ میں بھی کالی گھٹاﺅں نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ نوابشاہ اور حیدر آباد میں بارش نے نہ صرف سردی کی شدت میں اضافہ کردیا ہے بلکہ متعدد علاقوں کو بھی اندھیروں میں ڈبو دیا ہے۔ شہر قائد میں بھی تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ کراچی میں ہونے والی بارش کے باعث شہر کے متعدد علاقے بجلی سے محروم ہوگئے ہیں۔ کے الیکٹرک کے مطابق شہر قائد میں بجلی کے 204 فیڈرز ٹرپ کرچکے ہیں جن کی بحالی کا کام جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغرب سے بارش کا سسٹم پاکستان میں داخل ہوا ہے جو بتدریج کراچی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ کراچی میں آج وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہے گا۔