ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارش ‘ خشک سردی ختم ‘ کسان بھی خوش

ملتان سمیت جنوبی پنجاب میں بارش ‘ خشک سردی ختم ‘ کسان بھی خوش

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


ملتا ن ‘ وہاڑی ‘ ڈیرہ غازیخان ‘ راجن پور ‘ کوٹ ادو ‘ لیاقت پور ‘ روجھان ( سپیشل رپورٹر ‘ نمائندگان ) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں گزشتہ روز ہلکی بارش رات گئے ہوتی رہی ‘ (بقیہ نمبر30صفحہ12پر )

جس کے باعث جہاں خشک سردی کا زور ٹوٹا وہیں سردی کی شدت میں اضافہ بھی ہوا اور شہری خشک میوہ جات کی دکانوں کا رخ کرنے لگے ۔ اس حوالے سے ملتان سے سپیشل رپورٹر کے مطابق ملتان میں بادلوں کی آنکھ مچولی کے ساتھ ہلکی بارش سے خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا ،موسلا دھار بارش نہ ہونے سے سردی کی شدت میں اضافہ ،سردی سے بچاؤ کیلئے استعمال ہونے والی مصنوعات کی طلب بڑھ گئی اس ضمن میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملتان سمیت مضافاتی علاقوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بعض مقامات پر ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی جس کے نتیجہ میں خشک سردی کا زور ٹوٹ گیا ہے تاہم سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے اور مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔ملتان میں سردی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی سردی کی شدت کو کم کرنے والی مصنوعات جن میں گرم ملبوسات ،خشک میوہ جات ،ہیٹر ،خشک لکڑی سمیت دیگر اشیاء کی مانگ بڑھ گئی ہے ۔وہاڑی سے بیورو رپورٹ ‘ نمائندہ خصوصی کے مطابق شہر اور گردونواح میں سارا دن بادل چھائے رہے اورٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا اس کے ساتھ ہی خشک میوہ جات ،لکڑی اور کوئلہ کے سٹالز پر عوام کا رش بڑھ گیا جبکہ خشک میوہ جات فروخت کرنے والے دوکانداروں کی چاندی ہوگی جنہوں نے مہنگے داموں خشک میوہ جات فروخت کرتے ہوئے خوب منافع کمایا اس کے علاوہ لکڑی اور کوئلہ سٹالز مالکان بھی اس بہتی گنگا میں برابر ہاتھ دھوتے نظر آئے جس پر عوامی و سماجی حلقوں اور شہریوں حاجی محمد اکرم،غلام نبی،محمد انور،چوہدری شبیر،حاکم علی ،مصطفی علی،ودیگر نے متعلقہ اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گراں فروشویں کے خلاف فی الفور ایکشن لیا جائے۔ڈیرہ غازیخان سے سٹی رپورٹر کے مطابق ڈیرہ غاز ی خان میں گزشتہ روز شام کو شہر اور نواحی علاقوں میں بادل چھا گئے اور کچھ دیر بعد ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا سردی بڑھتے ہی شہریوں نے فوڈ سٹریٹ اور سموسے پکوڑے کی شاپس کا رخ کیا جبکہ لنڈا بازار اور دیگر گارمنٹس کی دکانوں پر بھی عوام کا رش دیکھنے میں آیا شہریوں نے بارش کو خوشگوار قرار دیتے ہو ئے کہا کہ اس سے خشک سردی کے خاتمہ کے ساتھ ساتھ نزلہ زکام اور دیگر بیماریوں کو ختم ہو نے میں مدد ملے گی بارش کا سلسلہ رات گئے تک جاری رہا اور خشک میوہ جات کی دکانوں پر بھی عوام کا کافی رش دیکھنے میں آیاادھر محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی کے مطابق آج ڈیرہ شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 11سینٹی گریڈ تک جبکہ کو ہ سلیمان اور فورٹ منرو میں 4سینٹی گریڈ تک رہے گا اور بارش کا سلسلہ جاری رہنے کی صورت میں فورٹ منرو میں بھی برف باری کا بھی امکان ہے ۔راجن پور سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق راجن پور شہر اورگردونواح میں سہ پہر سے ہلکی وتیز بارش کاسلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا جبکہ بجلی کی بھی وقفہ وقفہ سے بندش کاسلسلہ جاری ہے ۔کوٹ ادو سے تحصیل رپورٹر کے مطابق کوٹ ادو میں بھی مو سم سر ما کی با رشوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے ،گز شتہ روز 11بجے کے وقت اچانک آسمان پر کالے بادل آمڈ آئے اور ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا،بارش سے سر دی کی شد ت میں بھی اضا فہ ہو گیا ہے ،سر دی میں اضا فہ سے چا ئے کے ہو ٹلوں ،انڈے ،پکوڑے،سمسوں اور خشک میو ہ جا ت کی دکا نیں پر معمو ل سے زیا دہ رش ہو گیا جس پر دوکاندار معمول سے زیا دہ ریٹ وصول کرتے رہے ،ہلکی بوند با ندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جا ری رہا ۔روجھان سے نمائندہ پاکستان کے مطابق شہر اور گرد ونواح میں ہلکی ہلکی بارش سردی کی شدت میں اضافہ تفصیل کے مطابق شھر اور گردونواح میں دن بھر ہلکی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس سے سردی میں اضافہ ہوگیا جبکہ کاروبار زندگی بھی معطل رہا۔