ملتان سمیت مختلف شہروں میں گیس نایاب ‘ شہری سراپا احتجاج
ملتان ‘ خانیوال ‘ شاہ جمال ‘ قطب پور ‘ ڈیرہ غازیخان ( سٹاف رپورٹر ‘ نمائندگان ) گیس بندش کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا ‘جس کیوجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے(بقیہ نمبر20صفحہ12پر )
۔ اس حوالے سے خانیوال سے بیورو نیوز کے مطابق خانیوال شہر اور گردونواح بالخصوص کالونی نمبر1-2-3‘مرضی پورہ ‘کوٹ آلہ سنگھ ‘کامران کالونی ‘مدینہ ٹاؤن ‘حکیم آباد ‘پیپلز کالونی ‘عظیم ٹاؤن سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث گیس صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔صارفین کا کہنا ہے کہ کچھ علاقوں میں برائے نام چند گھنٹو ں کے لیے گیس کی سپلائی دی جارہی ہے جوکہ ناکافی ہے اور جس کا پریشر بھی نہ ہونے کے برابر ہے جبکہ بیشتر علاقوں میں تاحال گیس کی مکمل بندش ہے جس کے باعث ناصرف سکول کالجز کے طلباء وطالبات بلکہ مختلف دفاتر کے ملازمین بھی ناشتہ کیے بغیر اپنی ڈیوٹی پر جانے پر مجبور ہے ۔متاثرین گیس صارفین نے مبینہ طور پر جی ایم گیس ملتان اظہر حسین کھوکھر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جی ایم گیس دانستہ طو رپر گیس کی بندش کرکے صارفین کو پریشان کررہے ہیں جبکہ ذرائع کے مطابق حکومتی احکامات کے ذریعے صارفین کو گیس کی سپلائی بحال کردی گئی ہے مگر جی ایم گیس ملتان نے تاحال گیس کی سپلائی بند کررکھی ہے جس پر گیس صارفین نے ایم ڈی گیس پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ خانیوال شہر او رگردونواح میں گیس کی سپلائی فوری طور پر بحال کی جائے اور دانستہ طور پر گیس کی سپلائی بند کرنیوالوں کے خلاف فوری نوٹس لیتے ہوئے قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے ۔ قطب پور سے نمائندہ پاکستان کے مطابق گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ۔رات 10بجے سے صبح ساڑھے 5بجے تک طویل لود شیڈنگ سے مسائل میں اضافہ ہو گیا ۔بجلی کے بعد عوام نکونک ہوگئی ۔سماجی حلقوں سید جعفر شاہ ،رانا عبدالشکور ،سید خلیل شاہ ،واصف شہزاد خلجی ،رانا رمضان ،اکمل زرگر ،محمد علی زرگر ،شریف قادری ،احسن رحمانی ،اکرم رحمانی ،صغیرالدین قریشی ،شمشاد قریشی ،محمد ظفر اقبال ،عقیل ہاشمی ،لالہ عبدالعزیز و دیگر نے میڈیا کو بتایا کہ عوام بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے عذاب میں مبتلا تھے کہ اب مسلسل2ماہ سے سوئی نادرن گیس نے لوڈ شیدنگ کرنا وطیرہ بنا رکھا ہے ۔رات کو دیوٹیوں پر جانیوالوں کے لیے کھانا بنانا محال ہو جاتا ہے ۔انہوں نے جنرل منیجر سوئی نادرن گیس اتھارٹی ملتان سے مطالبہ کیا کہ گیس لوڈ شیڈنگ فی الفور بند کی جائے ۔ڈیرہ غازیخان سے نمائندہ خصوصی کے مطابق ڈیرہ غازیخان میں سردی کی شدد میں اضافہ10 سے 16 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی نیچے چلا گیا جبکہ سرد ہوائیں چلتی رہیں سردی کے موسم میں شدد کے باوجود گیس اور بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ بھی جاری رہا ہے۔ شہر کے بیشتر سے زائد علاقوں میں جس میں گدائی، بھٹہ کالونی، فرید آباد شامل ہے یہاں گیس کا پریشر اس قدر کم آرہا ہے کہ چولھے کا جلنا بند ہوگئے۔ خواتین اس ساری صورت حال میں سب سے زیادہ پریشان ہیں۔ واضح رہے کہ کمشنر ڈیرہ غازیخان کے زیر اہتمام ایک کمیٹی بنائی گئی تھی جس میں سوئی گیس، میپکو، اور شہریوں کے نمائندے شامل تھے بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ٹرپپنگ، کم پریشر کے مسئلے کے حل کے لیے لائحہ سامنے لایا جاتا ہے۔ موجودہ کمشنر طاہر خورشید نے تاحال اس کمیٹی کا ایک بھی اجلاس نہیں بلایا سوئی گیس کے مسئلہ کی وجہ سے عوامی حلقوں میں شدید پریشانی و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہری حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کمشنر ڈیرہ غازیخان فوری طور پر مداخلت کریں اور سوئی گیس کے افسران کے ساتھ میٹتنگ کرتے ہوئے سوئی گیس کی بندش، کم پریشر کو ختم کرائیں۔