مہمند ڈیم کے متاثرین اراضی کو مراعات دیئے جائیں‘ عمائدین

مہمند ڈیم کے متاثرین اراضی کو مراعات دیئے جائیں‘ عمائدین

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


مہمند (نمائندہ پاکستان) مہمند، پنڈیالئی شہید بانڈہ میں مہمند ڈیم کی تعمیر کے حوالے سے مقامی لوگوں، منتخب ایم این ایز اور سیاسی پارٹیوں کا مشترکہ جرگہ۔ مہمند ڈیم تعمیر خوش آئند اقدام ہے۔ متاثرہ زمین مالکان کو بھر پور مراعات دی جائے۔ علاقے کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا جال بچھایا جائے۔ مقررین۔ تفصیلات کے مطابق قبائلی ضلع مہمند میں منظور کردہ مہمند ڈیم کی تعمیر کی تیاریوں کے سلسلے میں تحصیل پنڈیالئی کے مہمند ڈیم سے ملحقہ علاقہ شہید بانڈہ میں ایک مشاورتی جرگہ اتوار کے روز منعقد ہوا۔ جس میں ممبر قومی اسمبلی ساجد خان مہمند ، ممبر قومی اسمبلی چارسدہ انور تاج خان، عوامی نیشنل پارٹی مہمند کے صدر نثار مہمند ، جے یو آئی مہمند کے امیر مولانا محمد عارف حقانی ، سنیٹر ملک ہلال رحمان کے نمائندہ جہانزیب خان، پی پی پی کے شاہسوار خان سمیت دیگر رہنماؤں اور سینکڑوں مقامی لوگوں نے شرکت کی۔ مشاورتی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مہمند ڈیم کی تعمیر شروع کرنے پر خیر مقدم کرتے ہوئے حکومت کا شکریہ ادا کیا۔ اور مہمند ڈیم کی تعمیر میں قومی مشران و کشران کی طرف سے حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مکمل تعاؤن کا یقین دلایا۔ منتخب نمائندوں اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ باہمی مشاورت سے سیاسی اور عوامی خدشات ختم کر کے جلد تعمیر کی کوشش کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کی پسماندگی کو مد نظر رکھتے ہوئے ڈیم متاثرین کو بھر پور مراعات اور سہولیات دی جائے اور ڈیم کے ترقیاتی فنڈ میں ضرورت کے مطابق ہسپتال، سکولز اور دیگر ضروریات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے ڈیم کی تعمیر میں حکومت کو تعاؤن کا یقین دلایا۔